29 April 2024

Homeپاکستانخطے میں درپیش چیلنجز:جوبائیڈن کا پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان

خطے میں درپیش چیلنجز:جوبائیڈن کا پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان

joe biden and shehbaz sharif

خطے میں درپیش چیلنجز:جوبائیڈن کا پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان

اسلام آباد:(سنو نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے رابطہ کرکے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام تہنیتی خط لکھا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا یہ پہلا خط ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے نومنتخب حکومت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے خط میں لکھا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں نہایت اہم ہے۔ دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

جوبائیڈن نے کہا کہ صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لئے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔ امریکا پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لئے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے۔

انہوں نے اپنے خط میں لکھا پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور 2022 ءکے سیلاب کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے۔ پاکستان کے ساتھ مل کرانسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے وزیراعظم شہبازشریف کو خط میں لکھا کہ دونوں اقوام کے درمیان استوارمضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔

Share With:
Rate This Article