Homeتازہ ترینٹی 20 کرکٹ میں نیا ریکارڈ، پوری ٹیم 10 رنز پر ڈھیر

ٹی 20 کرکٹ میں نیا ریکارڈ، پوری ٹیم 10 رنز پر ڈھیر

ٹی 20 کرکٹ میں نیا ریکارڈ، پوری ٹیم 10 رنز پر ڈھیر

ٹوئنٹی 20 میچ، سات کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ، ٹیم کے ٹاپ سکورر چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پوری ٹیم صرف 10 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دو گیندوں پر دو چھکے، مخالف ٹیم جیت گئی۔

یہ گلیوں کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ نہیں تھا۔ ایک طرف اسپین کی ٹیم تھی اور دوسری طرف آئل آف مین کی ٹیم ۔ آئل آف مین ٹیم 2017 ء سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کی ایسوسی ایٹ ممبر ہے۔ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں اس ٹیم نے یورپی ذیلی علاقائی کوالیفائرز میں بھی حصہ لیا ہے۔

لیکن اتوار کو سپین کے خلاف کھیلے گئے میچ میں آئل آف مین کی کارکردگی انتہائی شرمناک رہی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم صرف 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اورانوکھا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

اس سے قبل کم سے کما سکور کا ریکارڈ سڈنی تھنڈرز کے نام تھا۔ پچھلے سال 2022ء میں سڈنی تھنڈرز کی ٹیم ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ میں صرف 15 رنز بنا سکی تھی۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ ترکی کے نام تھا۔ سال 2019 ء میں ترکی کی ٹیم جمہوریہ چیک کے خلاف صرف 21 رنز بنا سکی تھی۔

آئل آف مین کی بات کریں تو اتوار کے میچ میں اس ٹیم کے سات بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ جوزف بروز ٹاپ سکورر رہے، وہ صرف چار رنز بنا سکے۔

اسپین کی جانب سے محمد کامران نے ہیٹ ٹرک سمیت چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے لیوک وارڈ، کارل ہارٹ مین اور ایڈورڈ بیئرڈ کو لگاتار تین گیندوں پر آؤٹ کیا۔

اسپین کی جانب سے عاطف محمود نے بھی چار وکٹیں حاصل کیں۔ لورن برنز نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔ آئل آف مین کی ٹیم صرف 8.2 اوورز تک وکٹ پر ٹھہر سکی۔

اسپین نے جیت کے لیے 11 رنز کا ہدف صرف دو گیندوں پر حاصل کر لیا۔ اسپین کی اننگز کی پہلی گیند نو بال تھی۔ اگلی دو گیندوں پر اویس احمد نے دو چھکے لگا کر میچ کا خاتمہ کر دیا۔ انہوں نے 118 گیندیں باقی رہ کر اپنی ٹیم کو 10 وکٹوں سے فتح دلائی۔

میچ کے بعدا سپین ٹیم کے کوچ کورے رٹگرز نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ انھوں نے اپنی زندگی میں ایسا میچ کبھی نہیں دیکھا۔ انہوں نے کامران اور محمود کی باؤلنگ کی تعریف کی۔

رٹگرز نے کہا، “کامران اور محمود بہت اچھی سوئنگ کر رہے تھے، ان کی گیند اسٹمپ اور پیڈ سے ٹکرا رہی تھی۔” اسپین کے کوچ نے آئل آف مین ٹیم کو اپنے حوصلہ کو برقرار رکھنے کا مشورہ دیا۔

اسپین کوچ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ وہ اس نتیجے سے مایوس نہیں ہوں گے اور اس سے سبق حاصل کریں گے۔ اسپین اور آئل آف مین کے درمیان چھ میچوں کی سیریز کھیلی گئی۔ اس سیریز میں اسپین نے مخالف ٹیم کو زیر کیا۔

تاہم آئل آف مین کی ٹیم نے اتوار کے میچ سے پہلے میچ میں اچھا کھیل پیش کیا۔ اس میچ میں ٹیم نے 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 132 رنز بنائے تھے۔ اسپین نے وہ میچ 45 گیندیں باقی رہ کر سات وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

Share With:
Rate This Article