Homeپاکستانبجلی کی قیمت میں 3.82 روپے فی یونٹ کمی

بجلی کی قیمت میں 3.82 روپے فی یونٹ کمی

electricity NEPRA

بجلی کی قیمت میں 3.82 روپے فی یونٹ کمی

اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ اپریل کے بجلی بلوں میں 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی ہے۔ یہ کمی ڈالر کے لحاظ سے سہ ماہی فیول پرائس ایڈجسمنٹ کی وجہ سے ہوئی۔

رواں ماہ کے بلوں پر فیول پرائس ایڈجسمنٹ کم ہوکر 4 روپے 92 پیسے مقرر ہوئی ہے، ایندھن کی قیمت میں 2 روپے 14 پیسے کی کمی ہوئی، پہلے سہ ماہی ایڈجسمنٹ 4 روپے 43 پیسے تھی جو کہ کم ہو کر 2 روپے 75 پیسے ہوگئی۔

وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ وزیراعظم نے عوام کو ہرممکن ریلیف دینے کی ہدایت کی ہے، نوٹی فکیشن کے مطابق گزشتہ ماہ کی نسبت رواں ماہ بجلی کےبلوں میں کمی ہوگی۔یاد رہے کہ 3 روز قبل حکومت نے بجلی 4 روپے 92 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کردی تھی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں 4 روپے 92 پیسے اضافہ فروری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا۔ صارفین سے اضافی وصولی اپریل کے بلز میں کی جائیں گی۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی حکومت نے شہریوں کے لیے بجلی بھی 2 روپے 75 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کردی تھی۔

نیپرا نوٹی فکیشن کے مطابق بجلی رواں مالی سال کی دوسری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے مد میں مہنگی کی گئی تھی۔صارفین سے اضافی وصولیاں اپریل، مئی اورجون میں کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا تھا جب کہ اس سے ایک روز قبل عالمی بینک نے کہا تھا کہ پاکستان میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے نے مہنگائی کو 50 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچادیا۔

عالمی بینک کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں مہنگائی 1974کے بعد سب سے زیادہ رہی۔اس رپورٹ میں بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافے کو مہنگائی بڑھنے کی بڑی وجہ قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:

بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان عوام کیلئے خوشخبری

عالمی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں شہری علاقوں میں توانائی کی مہنگائی 50 فیصد سے بڑھ گئی۔بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت میں کافی اضافہ ہوا۔مالی سال کی پہلی ششماہی میں شہری علاقوں میں توانائی کی افراط زر 50.6 فیصد رہی۔

رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال اسی عرصے میں شہری علاقوں میں توانائی کی افراط زر 40.6 فیصد تھی۔اس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلی ششماہی میں اوسط مہنگائی 28.8 فیصد رہی۔

گذشتہ سال اسی عرصے میں پاکستان میں اوسط مہنگائی 25 فیصد تھی۔رپورٹ کے مطابق روپے کی قدر میں استحکام، فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے باوجود مہنگائی بڑھی۔عالمی مارکیٹ میں قیمتوں پردباؤ میں کمی کے باوجود بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کیلئے حکومت کی طرف سے خصوصی تحفہ ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی تمام تر توجہ مہنگائی میں کمی پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپریل کے مہینے میں گزشتہ ماہ کی نسبت 3 روپے 82 پیسے کمی واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ڈالر ریٹ پر انحصار ہوتا ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

عطا ءاللہ تارڑ نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے کاروباری حضرات اور ایکسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، آج ایکسچینج ریٹ اور روپے کی قدر مستحکم ہے۔ نگران دور میں بھی روپے کی قدر مستحکم رہی، اگر حالات میں اسی طرح بہتری رہی تو بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی مالیاتی جریدے بھی کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، بلومبرگ نے بھی کہا ہے کہ دو فیصد مہنگائی میں کمی ہوئی ہے جبکہ بلومبرگ نے پیشنگوئی کی ہے کہ اگلے سال مہنگائی مزید کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مثبت اشاریئے سامنے آ رہے ہیں۔ حکومت بجلی چوری کے خلاف اقدامات اٹھا رہی ہے، بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے بہترین حل سامنے لا رہی ہے۔

Share With:
Rate This Article