Homeپاکستانمریم نواز نے لیپ ٹاپ سکیم کی منظوری دیدی

مریم نواز نے لیپ ٹاپ سکیم کی منظوری دیدی

Chief Minister Punjab Maryam Nawaz Sharif approved the laptop scheme

مریم نواز نے لیپ ٹاپ سکیم کی منظوری دیدی

لاہور: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لیپ ٹاپ سکیم کی منظوری دے دی۔ پنجاب کے طلبہ کو 7 سال بعد دوبارہ جدید ترین لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہائر ایجوکیشن سیکٹر ریفارمز کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں ہائر ایجوکیشن کے فروغ، لیپ ٹاپ اور طالبات کو ٹرانسپورٹ کی سہولت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مسلم لیگ ن کے اداوار میں ہائر ایجوکیشن کا بجٹ زیادہ رہا۔ پنجاب میں نجی اور سرکاری یونیورسٹیوں میں ساڑھے 6 لاکھ سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ میں لڑکوں کا تناسب 44 اور لڑکیوں کا تناسب 56 فیصد ہے۔

یہ بھی پڑھیں

امریکی ڈالر5 پیسےسستا

اجلاس میں پسماندہ اضلاع میں ترجیحی بنیادوں پر نئی یونیورسٹیاں اور کالجز بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ ہر ضلع میں انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کی یونیورسٹی اور تحصیل کی سطح پرکالج ہمارے اہداف میں شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ”تعلیمی ایمرجنسی“ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سکول ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن سیکٹر کو مکمل ری ویمپ کرنے کی ضرورت ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں طلبہ کو 20 ہزار موٹر بائیکس دے رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نالج اکانومی اور آئی سی ٹی تعلیم کے فروغ کیلئے سرمایہ کاری کر رہی ہے۔

یاد رہے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی جس میں یورپی یونین اور پنجاب حکومت کے مابین باہمی اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے یورپی یونین کے جاری اور مجوزہ منصوبوں کو سراہا اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اقلیتوں، کمزور کمیونٹیز اور گروپس کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی یقینی بنانے کیلئے حکومتی پالیسی اور اقدامات پر گفتگو کی گئی۔

پنجاب میں یورپی یونین کے اشتراک سے جاری ہیومین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر بات چیت کی گئی۔ یورپی ممالک کو برآمدات میں اضافہ اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈاکٹر رینا کیونکا کو چیف منسٹر پلانٹ فار پاکستان کی کامیاب مہم سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر رینا کیونکا نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مریم نواز شریف کی کاوشوں کو سراہا۔

مریم نواز نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جامع پالیسی پر کام کر رہے ہیں۔ حکومت نے مستقل بنیادوں پر سموگ کنٹرول یونٹ تشکیل دیا ہے۔ کاربن اخراج کو کم کرنے کیلئے پنجاب حکومت ماحول دوست میٹرو بسوں کا منصوبہ شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5 جون سے پنجاب میں پلاسٹک بیگزکے استعمال پر پابندی ہے۔ گاڑیوں سے دھویں کے اخراج کو کم کرنے کیلئے وہیکل انسپیکشن اینڈ سرٹیفیکیشن کا مؤثر اور جدید سسٹم نافذ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط اور کثیر الجہتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سے یورپی ممالک کو ٹیکسٹائل کی برآمدات بڑھانا چاہتے ہیں۔ یورپ کےلئے پنجاب کے عمدہ ترین چاول کی برآمد مزید بڑھا نا چاہتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے یورپی یونین کے اشتراک کار کا خیر مقدم کرینگے۔ اقتصادی تعاون کے فروغ سے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

Share With:
Rate This Article