Homeپاکستانعمران خان اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے تیار

عمران خان اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے تیار

Imran-Khan

عمران خان اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے تیار

اسلام آباد: (سنو نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کو اسٹیبلشمنٹ اور باقی دیگر سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کی اجازت دے دی ہے۔

ذرائع پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ سے پیغام بھیجا ہے کہ مذاکرات آئین و قانون کے مطابق ہونے چاہیے۔

ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بہتری کی خاطر ہم اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

ملک میں ادارے آئینی طور پر نہیں چل رہے صرف طاقتور کی حکمرانی ہے:عمران خان

ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر مذاکرات شروع ہوئے تو بانی پی ٹی آئی عمران کی ہدایت کے مطابق پہلے ٹی او آرز طے کیے جائیں گے اور اس کے بعد مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر شبلی فراز نے مذاکرات کے حوالے سے عمران خان کی اجازت ملنے کی تصدیق کردی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے بھی انکشاف کیا تھا کہ میاں محمد نواز شریف بانی ٹی آئی عمران خان کیساتھ مذاکرات کیلئے تیارہیں۔ وہ یہ سب کچھ ملک وقوم کیلئے کرنا چاہتے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے یہ بات ایک نجی نیوز ویب سائٹ”وی نیوز” کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کیساتھ 2014 ء کا دھرنے کے دوران بھی بات کی تھی۔

اس وقت لیگی قائد نے عمران خان کو فون کرکے پیشکش کی تھی کہ ملک قوم کی خاطر وہ ان کیساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو اپنے معاملات کا دوبارہ سے جائزہ لینا ہوگا، اس سلسلے میں میاں محمد نواز شریف منصوبہ بندی کررہے ہیں او روہ جلد ہی اس اہم معاملے میں مشاورت کرینگے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہی علاج معالجے کیلئے نواز شریف کو برطانیہ جانے دیا تھا۔ تاہم عمران خان نے ڈاکٹر بھیج کر اس بات کی تصدیق کی تھی کہ میاں نواز شریف حقیقت میں بیمار ہیں یا نہیں، اس کے علاوہ انہوں نے ساری میڈیکل رپورٹس کو بھی دیکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:

عمران خان نے شیر افضل مروت کی سرزنش کردی

رانا ثناء اللہ نے دوران گفتگو دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کوصرف مظلومیت اور مزاحمت کی وجہ سے الیکشن میں ووٹ ملا، حالانکہ ان کی عوام میں پذیرائی زیرو ہے۔ پاکستان کے اصل ہیرو میاں محمد نواز شریف ہی ہیں۔ انہوں نے کہا بتیس سال سیاسی مزاحمت کی ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اپنے سیاسی بیانیے کی وجہ سے میاں نواز شریف نے جیل کاٹی، ان کی حکومتیں چلی گئیں، انہوں نے اپنا کاروبار تباہ کر لیا لیکن میں نے کبھی ایک سیکنڈ کیلئے بھی نواز شریف کو اپنے مزاحمتی بیانیے سے پیچھے ہٹتے نہیں دیکھا۔ ہم عمران خان سے سیاسی طور پر نمٹیں گے۔

میاں جاوید لطیف کے الزام پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر انہوں نے رانا تنویر کے بارے میں کوئی بات کی ہے تو ان کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، ان کو سمجھانے کی کوشش کریںگے۔ جاوید لطیف نے کسی قسم کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔

Share With:
Rate This Article