Homeپاکستانبشام میں دہشتگردی، پانچ چینی باشندوں سمیت 6افرادہلاک

بشام میں دہشتگردی، پانچ چینی باشندوں سمیت 6افرادہلاک

5 Chinese nationals killed in attack in KP’s Bisham

بشام میں دہشتگردی، پانچ چینی باشندوں سمیت 6افرادہلاک

راولپنڈی: (سنو نیوز) خیبر پختونخوا کے علاقے بشام میں دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کار سے ٹکرا دی۔ آئی ایس پی آرکےمطابق حملےمیں پانچ چینی باشندوں سمیت چھ افرادہلاک ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ گوادر، تربت اوراب بشام سمیت دہشت گردحملوں کی حالیہ لہرملک کوعدم استحکام سےدوچارکرنےکی کوشش ہے۔ بعض غیرملکی عناصراپنےذاتی مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کی مدد اوراس کی حوصلہ افزائی میں ملوث ہیں۔ مقصدسٹریٹجک اتحادیوں اورشراکت داروں خاص طورپرچین کےساتھ اختلافات پیداکرناہے۔ پوری قوم چینی باشندوں کےساتھ اوراس حملےکی بھرپورمذمت کرتی ہے۔ واقعےمیں جاں بحق چینی باشندوں کےڈرائیورکی نمازجنازہ اداکردی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے گوادر اور تربت میں دہشت گردی کی کوششوں کوناکام بنا دیا ہے۔ آپریشن کے دوران وطن دشمن جہنم واصل ہوئے ۔بشام میں دہشت گردوں نے پانچ چینی شہریوں سمیت ایک پاکستانی کو نشانہ بنایا۔ کارروائی کا مقصد چین کے ساتھ اختلاف پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ دہشت گردوں اور ان کی مدد کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ معصوم شہریوں، غیر ملکیوں اور مسلح افواج کے خلاف ایسی کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو پست نہیں کر سکتیں۔ پاکستان فرنٹ لائن ریاست کے طور پر بین الاقوامی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف واقعے کے فوری بعد چینی سفارتخانے پہنچے اور بشام میں دہشت گرد حملے میں پانچ چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔ وزیراعظم نے کہا، مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں۔ جلد تحقیقات کرکے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دیں گے۔ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے مگر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ چینی سفیر سے گفتگو میں وزیرِ اعظم نے چینی صدر اور چینی وزیرِ اعظم کیلئے واقعے کے حوالے سے تعزیتی پیغام دیا۔

چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کی سفارتخانے آمد اور واقعے کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اوران کے پاک چین دوستی کے حوالے سے عزم کی تعریف کی۔ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

ادھر پاکستان میں چینی سفارتخانے اور قونصلیٹ جنرل نے بشام دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔ چینی سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ پاکستانی اداروں کے ساتھ مل کر واقعے سے نمٹنے کیلئے ہرممکن کوشش کررہے ہیں۔ پاکستان سے حملے کی مکمل تحقیقات اور قصورواروں کو سخت سزا دینے کی درخواست کی ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں کہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔ تمام ادارے اور چینی شہری سیکیورٹی الرٹس کو بہتر بنائیں۔

جبکہ دفتر خارجہ نے بھی بشام میں چینی باشندوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ آج کے حملے کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں چینی دوستوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں، پاکستان میں چینی شہریوں کی زندگی اور حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بشام میں دہشتگردی کی مذمت کی اور حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ جبکہ دہشتگردی کی وجہ سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ بشام میں دہشتگردی میں ملوث منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو بے نقاب کر کے سخت سزا دی جائے، بشام واقعہ کے مجرم سزا سے بچ نہیں سکتے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شانگلہ میں خودکش حملے کی شدید مذمت کی اور چینی باشندوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین سے آنے والے بھائیوں پر حملہ انتہائی تکلیف دہ امرہے، دکھ کی گھڑی میں چینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی دھماکے کے فوری بعد چینی سفارت خانے پہنچے اور چینی سفیر سے ملاقات کی۔ انہوں نے چینی سفیر کو دھماکے کی تمام تفصیلات اور ہلاکتوں کے بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے جائے وقوعہ پر جاری ریسکیو آپریشن سے بھی چینی سفیر کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے شانگلہ میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کے جاںبحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کو یقینی بنا کر اس میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

Share With:
Rate This Article