Homeپاکستانعمران خان کا الیکشن لڑنے کا اعلان

عمران خان کا الیکشن لڑنے کا اعلان

عمران خان کا الیکشن لڑنے کا اعلان

عمران خان کا الیکشن لڑنے کا اعلان

اسلام آباد: (سنو نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ جماعت کے بانی عمران خان اسلام آباد، میانوالی اور لاہور سے الیکشن لڑیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے الزام لگایا کہ اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی کے سیکرٹری سے ان کے کاغذات نامزدگی چھینے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن یقینی بنائے کہ الیکشن صاف و شفاف ہوں۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ الیکشن کا اعلان ہوچکا ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن وقت پر ہوں۔ اگر لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے تو صاف و شفاف الیکشن کا تاثر ختم ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے کل کاغذات نامزدگی پر دستخط کرائیں گے۔ مجھے آج جیل میں سادہ کاغذ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ نواز شریف ہمیشہ امپائر کے ساتھ مل کر کھیلتے ہیں اس دفعہ ہمارے امیدواروں کو میدان میں اترنے ہی نہیں دیا جارہا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہمیشہ مطالبہ رہا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں۔ ہم نہیں چاہتے اس وقت الیکشن کمشنر کو ہٹایا جائے نہ ہمارا یہ مطالبہ ہے۔ ہمیں خدشہ ہے اگر ہمارے لوگوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہوجائینگے اور ہم نہیں چاہتے کہ حالات خراب ہوں۔ ٹکٹوں کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت چل رہی اس میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

دوسری جانب سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کل جمعرات تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ جیک ٹرائل کے دوران 10 گواہان کے بیانات قلمبند کر لئے گئے ۔ سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر ایک گواہ شمعون کے بیان پر جزوی جرح بھی کرلی گئی۔

آج ریکارڈ ہونے والے گواہان پر کل جرح کی جائے گی ۔ سائفر کیس میں اب تک مجموعی طور پر 12 گواہان کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں۔ سائفر کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کی۔

ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں خاتون جج کو دھمکیاں دینے کے کیس میں پی ٹی آئی وکلا نے عمران خان کیخلاف سیکیورٹی تھریٹ کے حوالے سے درخواست واپس لینے کی درخواست کر دی ہے۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف خاتون جج زیبا چودھری کو دھمکی دینے کے کیس سول جج مرید عباس نے کیس کی سماعت کی ۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان صفدر کے معاون وکیل سردار مصروف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔

سردار مصروف نے موقف اپنایا کہ ہم نے بریت کی درخواست خارج ہونے کیخلاف نظر ثانی اپیل دائر کررکھی ہے۔ جج مرید عباس نے سردار مصروف سے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف سیکیورٹی تھریٹ کے حوالے سے بھی درخواست دائر ہے ۔

اس پر وکیل سردار مصروف نے موقف اپنایا کہ وہ درخواست اس وقت دی تھی ، جب بانی پی ٹی آئی عدالت میں پیش ہوتے تھے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اب آپ اس درخواست پر کارروائی کرنا چاہتے ہیں؟

معاون وکیل سردار مصروف نے کہا کہ ہم اس پر کارروائی نہیں چاہتے، درخواست سلمان صفدر واپس لیں گے، سلمان صفدر آج پیش نہیں ہوسکتے، وہ سائفر کیس کی سماعت میں ہیں، عدالت نے کیس کی سماعت 27 جنوری 2024 تک ملتوی کردی۔

Share With:
Rate This Article