Homeپاکستانشاہد خاقان عباسی کا الیکشن نہ لڑنے کا اعلان

شاہد خاقان عباسی کا الیکشن نہ لڑنے کا اعلان

رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سنو نیوز سے خصوصی گفتگو/ فائل فوٹو

شاہد خاقان عباسی کا الیکشن نہ لڑنے کا اعلان

کراچی: (سنو نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کبھی بھی شفاف الیکشن نہیں ہوئے، موجودہ حالات میں الیکشن کاقائل نہیں۔

رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سنو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف جب بلائیں گے حاضر ہو جاؤں گا، نیب کے ہوتے حکومت کا نظام نہیں چلے گا، یہ سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ ہے۔

قبل ازیں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کے ہوتے نظام حکومت نہیں چلے گا، سپریم کورٹ کے کمنٹس ہیں نیب سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ ہے، نگران حکومت ہی کوئی فیصلہ لے کہ نیب کا کیا کرنا ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جاوید اقبال مزے سے کیس بناتے تھے، آج وہ اپنے گھر بیٹھے ہیں، نیب واحد ادارہ ہے جس کا مقصد سیاستدانوں کا احتساب ہے، یہ ادارہ لوگوں کی زندگیاں تباہ کر رہا ہے، چار سالوں سے کیس چل رہا ہے لیکن ابھی تک پتا نہیں چلا ہمارا جرم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فیصلہ کرلے نیب کے ادارے کا کرنا کیا ہے، دنیا میں جتنے ممالک ہیں یہ واحد ادارہ ہے جس کا مقصد صرف سیاستدانوں کا احتساب کرنا ہے، آج تک نیب نے کس سیاستدان کو سزا دی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں تو ہمیشہ کہتا ہوں کہ مجھ پر جو کیس بنا ہے یہ کیس چلائیں، لوگ یہ سمجھتے ہیں جن پر نیب کا کیس بن گیا وہ بڑا مجرم ہے حقیقتا وہ ملزم بھی نہیں ہوتا۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ پارٹی رہنما جیل میں اندر باہر ہوتے رہتے ہیں، اگر عوامی سپورٹ ہو تو نظریہ زندہ رہتا ہے، تحریک انصاف اقتدار اور اپوزیشن میں رہی ہے، پی ٹی آئی ایک حقیقت ہے، 35 سال سے سیاست میں ہوں، ان حالات میں الیکشن کا قائل نہیں، ملکی مسائل کا حل کسی ایک جماعت کے پاس نہیں۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ میں نے شاہد خاقان کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے، دل کی گہرائیوں سے شاہد خاقان عباسی کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت دی ہے، انہوں نے مجھے سنجیدگی سے سنا ہے، وہ سوچ کر جواب دیں گے۔

روف صدیقی نے کہا کہ گزشتہ 7، 8 برس سے کیسز کا سامنا کر رہے ہیں، ہمیں عدالت سے ریلیف نہیں انصاف چاہئے، ہر کیس میں ہم باعزت بری ہونگے، کس بات کی معافی مانگے، ہم بے گناہ ہیں، تضحیک آمیز مقدمات بنائے گئے، 11 سے 12 سو اشرفیہ خاندان ہیں ایسے ہیں جن کو ریلیف دیا جاتا ہے۔

Share With:
Rate This Article