Homeپاکستانسپریم کورٹ: ملک بھر سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم

سپریم کورٹ: ملک بھر سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم

Supreme Court has ordered to end encroachments from roads and footpaths across the country

سپریم کورٹ: ملک بھر سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم

کراچی: (سنو نیوز) سپریم کورٹ نے ملک بھر سے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم نامے کی کاپی اٹارنی جنرل تمام ایڈووکیٹ جنرلز اور تمام سرکاری اداروں کو بھیجنے کی ہدایت کر دی۔

سپریم کورٹ نے کراچی تجاوزات کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا جس کی کاپی سنو نیوز نے حاصل کرلی۔

عدالت عظمیٰ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ متعلقہ ادارے قبضہ کرنے والوں کے اخراجات پر تجاوزات ختم کریں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اور کے ایم سی کے وکیل عملدرآمد رپورٹ پیش کریں، بدقسمتی سے سڑکوں پر قبضے اور تجاوزات ہیں۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ قبضہ کرنے والا سمجھتا ہے کہ اس کی اپنی پراپرٹی کے سامنے قبضہ کرنا اس کا حق ہے، لوگوں ںے فٹ پاتھوں پر جنریٹرز تک لگا دیئے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بھی تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔

سپریم کورٹ حکم نامے میں کہا گیا کہ شہریوں کی آزادنہ نقل و حرکت روکنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں، سرکار کے اخراجات کے لئے ٹیکس دینے والے عوام کے حقوق کوئی نہیں چھین سکتا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ دہشتگردوں کے حملوں کی وجہ سے رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔ بد قسمتی سے یہ سوچ پروان چڑھی ہے کہ عمارت کے اطراف اوپن اسپیس یا گارڈن پر بھی ان کا حق ہے۔

یہ بھی پڑھیں

بجلی ٹیرف میں کمی کی تجاویز تیار

عدالت عظمیٰ نے پیمرا کو اس ضمن میں پبلک سروس میسیج شائع اور نشر کرنے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت کو تین دن میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کر دی۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ سخت گرمی کے مہینوں میں درختوں کی دیکھ بھال اور پلانٹیشن کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، درخت آلودگی دور کرنے اور آکسیجن پیدا کرنے کے لئے مددگار ثابت ہوتے ہیں، مقامی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے فرض سے غفلت نا برتیں۔ سپریم کورٹ نے تمام مقامی حکومتوں کو سروے کرنے، سڑکوں کے اطراف درخت لگانے اور دیکھ بھال کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ نے نالہ متاثرین کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ 6 ہزار 932 نالہ متاثرین 80 گز کے پلاٹ دئیے جارہے ہیں، اگر کوئی متاثرہ شہری رہ گیا ہے تو اپنے دستاویزات اور گھر کی تصاویر جمع کرا سکتا ہے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ دستاویزات فوکل پرسن ایڈیشنل کمشنر ٹو ساؤتھ کے پاس جمع کرواسکتے ہیں، ایک ماہ میں متاثرین اپنے کلیم جمع کرواسکتے ہیں، جو متاثرین دستاویزات جمع کرائیں انہیں کلیم کی منظوری یا مسترد ہونے سے متعلق آگاہ کیا جائے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ نالہ متاثرین کو گھروں کی تعمیر کے لیے رقم کا تخمینہ پاکستان انجینئرنگ کونسل سے لگوایا جارہا ہے، جب یہ کارروائی مکمل ہوجائے سندھ حکومت متاثرین کو پلاٹ اور کنسٹرکشن کے رقم ادا کرے، سندھ حکومت اس حوالے سے مکمل رکارڈ بھی مرتب کرے۔

Share With:
Rate This Article