Homeتازہ ترینآئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان

آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان

ICC one day team of ther year 2023

آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان

دبئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں انڈین کپتان روہت شرما کوسال 2023ءکی بہترین ون ڈے ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔ اس ٹیم میں ہندوستان کا غلبہ ہے۔ ٹیم میں بھارت کے علاوہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

تفصیل کے مطابق دنیا کے بہترین اوپننگ بلے بازوں میں سے ایک روہت شرما کو آئی سی سی کی سال کی بہترین ون ڈے ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے۔ روہت کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے سال 2023 ء میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں بھلے ہی اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا لیکن ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے میدان میں اپنا جادو دکھایا۔ اس ٹیم میں بھارت کے علاوہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

ان کے علاوہ اسٹار بلے باز ویرات کوہلی، نوجوان اوپنر شبمن گل، تیز گیند باز محمد شامی اور محمد سراج کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق ٹیم میں جگہ بنانے والے زیادہ تر کھلاڑی ہندوستان (رنر اپ) اور آسٹریلیا (فاتح) کے علاوہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا سے ہیں۔

روہت شرما اور شبمن گل کو اننگز کا آغاز کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔ ہندوستانی کپتان نے گذشتہ سال ون ڈے فارمیٹ میں 52 کی اوسط سے 1255 رنز بنائے تھے۔ شبمن گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف 208 رنز کی اننگز کھیلی اور اس فارمیٹ میں 1584 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ فائنل میں بھارت کے خلاف 137 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ مڈل آرڈر میں کوہلی کے علاوہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل، جنوبی افریقا کے ہینرک کلاسن اور مارکو جانسن ہیں۔

ویرات کوہلی ون ڈے فارمیٹ میں 1337 رنز بنا کر سال کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے 2023 ء میں 6 ون ڈے سنچریاں اسکور کیں۔ انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ توڑا اور ورلڈ کپ کے بہترین کھلاڑی منتخب ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:

کرکٹ ورلڈ کپ فائنل:بھارت کو شکست ،آسٹریلیا دنیائے کرکٹ کا چیمپئن بن گیا

ڈیرل مچل نے 52.34 کی اوسط اور 100.24 کے اسٹرائیک ریٹ سے 5 سنچریوں کی مدد سے 1204 رنز جوڑے۔ کلاسن بھی سال بھر بلے بازی کے ساتھ حاوی رہے۔ انہوں نے سنچورین میں آسٹریلیا کے خلاف 174 رنز کی میچ وننگ اننگز بھی کھیلی۔

ہندوستانی تینوں سراج، شامی اور کلدیپ یادو کے علاوہ آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا کو بائولنگ اٹیک میں جگہ ملی ہے۔زیمپا نے 26.31 کی اوسط سے 38 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ون ڈے ورلڈ کپ کے لگاتار 3 میچوں میں 4 وکٹیں حاصل کیں اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے۔

محمد سراج نے گذشتہ سال 44 وکٹیں حاصل کی تھیں جس میں سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ کے فائنل میں 21 رنز کے عوض 6 وکٹیں بھی شامل تھیں۔ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے سری لنکا کے خلاف یک طرفہ فتح درج کی۔ کلدیپ نے گذشتہ سال ون ڈے میں 49 وکٹ لیے تھے۔ ان کی بہترین کارکردگی پاکستان کے خلاف ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں 25 رنز کے عوض 5 وکٹیں تھیں۔

تیز گیند باز شامی نے پورے سال شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور چار بار ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین کارکردگی ممبئی میں ورلڈ کپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف 57 رن پر سات وکٹیں تھیں۔

Share With:
Rate This Article