Homeپاکستانعلی امین گنڈا پور کی وزیراعظم کیساتھ تصویر، عمران خان شدید ناراض

علی امین گنڈا پور کی وزیراعظم کیساتھ تصویر، عمران خان شدید ناراض

Ali Amin Gandapur, Shehbaz Sharif and Imran Khan

علی امین گنڈا پور کی وزیراعظم کیساتھ تصویر، عمران خان شدید ناراض

راولپنڈی : (سنو نیوز)بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمرا ن خان نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی میڈیا پر جاری تصویر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔

190 ملین پائونڈ اسکینڈل ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے دفتر کے سامنے جو احتجاج ہوا وہ درست تھا لیکن فوج مخالف نعرے بازی کا علم نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو شہباز شریف کے ساتھ تصاویر نہیں بنوانی چاہیےتھی۔ مجھے خدشہ ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخواکا فنڈ جاری نہیں کرےگی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں ہونے والے انتخابات کا فوری طور پر آڈٹ کروایا جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری اکانومی ڈوب رہی ہے، ملک میں سخت ریفارمز کی ضرورت ہے۔ یہ حکومت چل نہیں سکتی۔ کوئی میرے گھر پر ڈاکا مارے اور کہے کہ بھول جائو، یہ کیسا انصاف ہے ؟ ووٹ کو عزت دینے والوں نے بوٹ کو عزت دینا شروع کر دی ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ شریف خاندان کو بوٹ کے بغیر گزارا نہیں ہے ۔ فلسطین کے مسئلے او آئی سی کو کھڑا ہونا چاہیے تھا لیکن سائوتھ افریقا نے اسٹینڈ لیا ۔ فلسطین کے مسئلے پر ہم جنگ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ چوری ہوئی نہیں تو کیس کیسے چل رہا ہے۔ پیشہ سپریم کورٹ سے حکومت کے پاس چلا گیا۔ 190 ملین پاؤنڈ کیس تب چلایا جارہا ہے کہ اگر مجھے ضمانت ملے تو اس میں پھنسا لیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کا بیٹا سینٹ الیکشن میں پیسے دیتے ہوئے پکڑا گیا ، آج تک کیس نہیں چل سکا۔ آج الیکٹرانک ووٹوننگ مشین ہوتی تو دھاندلی کا معاملہ ایک گھنٹے میں حل ہو جاتا۔

بانی پی ٹی آئی نےغیر رسمی گفتگو میں مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے قرض لینے سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام ضروری ہیں۔ سیاسی استحکام تب ہی ہو گا تب عوام کو اس کا چوری ہونے والا مینڈیٹ واپس کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 18 ماہ کے دوران ملک پر ریکارڈ قرضہ چڑھایا گیا۔ نگران حکومت کانسپٹ مکمل تباہ کیا گیا، یہ سب ملے ہوئے تھے۔ الیکشن کمیشن، مسلم لیگ ن اور باقی ادارے ملے ہوئے تھے۔ ہمیں ان پر اعتماد نہیں ہے۔ صاف شفاف انتخابات کروائیں جو بھی آئے مجھے منظور ہو گا۔ ایک قوم بن کر ریفارمز کی ضرورت ہے۔ جرمنی اور جاپان بھی ایک قوم بنی تھی ۔

اس موقع پر ایک صحافی نے عمران خان سے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ اٹک جیل میں برے حالات تھے،بہت سختی کی گئی، زمین پر سلایا گیا ۔ صحافی نے کہا کہ شیخ رشید پارٹی چھوڑ گئے، اس پرکیا کہیں گے؟ عمران خان نے کہا کہ “شیخ رشید کا شغل مس کریں گے”۔

Share With:
Rate This Article