Homeتازہ ترینپی سی بی نے حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کر دیا

پی سی بی نے حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کر دیا

haris rauf

پی سی بی نے حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کر دیا

لاہور:(سنو نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کردیا ہے۔

یہ فیصلہ دورہ آسٹریلیا 24-2023 ء کے لیے پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے سے ان کے انکار کی تحقیقات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ پی سی بی کی ایک کمیٹی کی طرف سے مکمل سماعت کے عمل کے بعد اور معاملے میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کے خیالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حارث رئوف کا سینٹرل کنٹریکٹ یکم دسمبر 2023 ءسے ختم کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کا کہنا ہے کہ حارث رئوف کو30 جون 2024 ءتک کسی بھی غیر ملکی لیگ میں کھیلنے کی این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ پی سی بی انتظامیہ نے 30 جنوری 2024 ء کو انصاف کے اصولوں کے مطابق حارث کو رئوف سماعت کا موقع فراہم کیا تھا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق تاہم حارث رئوف کا جواب غیر تسلی بخش پایا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ کسی بھی طبی رپورٹ یا معقول وجہ کی عدم موجودگی میں پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے سے انکار سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ جنوری 2024ء میں میڈیا میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ حارث رؤف نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار پر ہونے والی تنقید سے دلبرداشتہ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر غور شروع کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:

حارث رؤف نے ریٹائرمنٹ لینے کا کیوں سوچا؟

یاد رہے وہاب ریاض اورمحمد حفیظ نے متعدد بار آسٹریلیا میں کھیلے جانے والی ٹیسٹ سیریز سے دستبردای کے فیصلے پر حارث رؤف کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ لیجنڈری وسیم اکرم اور وقار یونس نے بھی ان کو فیصلے پر نظرثانی کرنے کا کہا تھا۔

پی سی بی مینجمنٹ اور سابق کرکٹرز کی جانب سے مسلسل کی جانے والی تنقید نے فاسٹ بائولر کو مایوس کردیا تھا، جس کے بعد انہوں نے مختصراً بین الاقوامی ریٹائرمنٹ پر غور شروع کردیا تھا ۔ تاہم قریبی دوستوں سے مشورہ لینے کے بعد انہوں نے اپنی توجہ کیرئیر کی طرف کی۔

ذرائع کے مطابق مکی آرتھر انہیں ورلڈکپ کے دوران مسلسل قائل کرتے رہے کہ آپ میرے سب سے اہم ہتھیار ہو، میں آپ کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں ایکشن میں دیکھنا چاہتا ہوں لیکن حارث رؤف یہ کہہ کر مسلسل انکار کرتے رہے کہ ڈیڑھ سال میں ایک فرسٹ کلاس میچ کھیلا ہے، اگر ٹیسٹ کھیلنے کی کوشش کی تو میں ان فٹ ہوسکتا ہوں۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ حارث رؤف ورلڈکپ کے دوران ٹیم انتظامیہ کو کہہ چکے تھے کہ موجودہ فٹنس کے ساتھ اگر میں نے ٹیسٹ کھیلا تو مجھے فٹنس مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔فاسٹ بائولر نے چیف سلیکٹروہاب ریاض کو بھی یہی کہا تھا کہ میری فٹنس ایسی نہیں ہے کہ ایک دن میں دس بارہ اوورز کراؤں اور 80اوورز فیلڈ میں رہوں۔

Share With:
Rate This Article