Homeپاکستانپنجاب بھر میں پہلی ایئر ایمبولینس سروس کیلئے ٹریننگ سیشن کا آغاز

پنجاب بھر میں پہلی ایئر ایمبولینس سروس کیلئے ٹریننگ سیشن کا آغاز

air ambulance

پنجاب بھر میں پہلی ایئر ایمبولینس سروس کیلئے ٹریننگ سیشن کا آغاز

لاہور: (سنو نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق صوبے بھر میں پہلی ایئر ایمبولینس سروس کے لیے ٹریننگ سیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ٹریننگ سیشن میں پنجاب بھر کے مختلف بڑے ہسپتالوں کی رسائی کے لیے پروازیں کی گئیں۔ مریم نواز کے ہدایت کے مطابق پنجاب بھر میں ایئرایمبولینس کی سروس شروع کرنے کے حوالے سے مشقی پرواز کا سیشن شروع کیا گیا۔

مشقی پرواز میں ایمرجنسی سروس 1122 کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ جلد ہی ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ایک جہاز کو ایئر ایمبولینس کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس کے بعد حکومت پنجاب کی جانب سے 2 ہیلی کاپٹراور دو جہاز پنجاب بھر میں ائیر ایمبولینس کی سروس کے لیے شامل کیے جائیں گے۔

اس حوالے سےوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی ایئر ایمبولینس سروس کے لیے پہلے تربیتی سیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انشاءاللہ ایئر ایمبولینس سروس جون میں شروع ہو جائے گی ۔ ایئر ایمبولینس سروس کا منصوبہ ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنی پہلی تقریر میں ایئر ایمبولینس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ صرف ایک ماہ کے دوران ہی انہوں نے اپنے وعدے کے عین مطابق ایئر ایمبولنس کے لیے جہاز خرید لیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب سے مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بنیں انہوں نے اب تک دو درجن سے زائد پروگرام شروع کرا دیے ہیں۔ مریم نواز جو وعدہ کرینگی وہ پورا ہوگا۔ اب فائل ورک اور کاغذی کارروائیاں نہیں ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی سوشل میڈیا پر نہیں گراؤنڈ پر نظر آرہی ہے۔ مخالفین مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے ہمیشہ عوام سے کیے وعدے پورے کیے ہیں۔ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھروں کا نعرہ لگانے والوں نے آخر میں قوم کو لنگر خانے اور پناہ گاہیں دیں۔مسلم لیگ ن کے پاس ایسے فراڈ پروجیکٹ نہیں ہیں۔

Share With:
Rate This Article