Homeپاکستانصدر مملکت اور وزیراعظم نے سانحہ 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دے دیا

صدر مملکت اور وزیراعظم نے سانحہ 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دے دیا

President Asif Ali Zardari and Prime Minister Shehbaz Sharif strongly condemned the violent incidents on May 9

صدر مملکت اور وزیراعظم نے سانحہ 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دے دیا

اسلام آباد: (سنو نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سانحہ 9 مئی پر پرتشدد واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ 9 مئی ملکی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سانحہ 9 مئی کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام کہا کہ 9 مئی 2023 کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھرمیں کہرام مچایا اور سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثرہوا، پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے جبکہ حملے ریاستی رٹ ، قانون کی حکمرانی اور ادارے کمزور کرنے کی کوشش تھی۔

آصف علی زرداری نے مسلح افواج اوراس کے اداروں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج مختلف خطرات سے قوم کے دفاع میں پیش پیش رہی ہیں، 9 مئی کو تشدد کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے، سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے ترقی کا عمل متاثر ہوتا ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں اداروں کیخلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں

گوادر: نامعلوم افراد کی فائرنگ، کوارٹر میں سوئے ہوئے 7 افراد قتل

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 9 مئی تاریخ کا ایک سیاہ ترین اور دو سوچوں کو الگ الگ کر دینے والا دِن ہے، ریاست پر سیاست قربان کرنے اور سیاست کے لئے ریاست پر حملہ کرنے والے الگ الگ ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے ہیں تو دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے کردار ہیں، انہیں ریاستی مفادات کا کوئی درد ہے، نہ آنکھ میں قومی یادگاروں کے لئے کوئی عزت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے، وعدہ ہے ارض پاک اور قوم سے، 9 مئی پھر کبھی نہیں ہوگا، ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دینا ہے۔

Share With:
Rate This Article