Homeکاروبارپیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تاریخی کمی

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تاریخی کمی

مہنگائی کے ستائے پاکستانیوں کے لیے بڑا ریلیف،پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تاریخی کمی کردی گئی۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تاریخی کمی

اسلام آباد:(سنونیوز)مہنگائی کے ستائے پاکستانیوں کے لیے بڑا ریلیف،پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تاریخی کمی کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5روپے 45 پیسے کی کمی کا اعلان کیا گیا ہے،ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 42 پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے۔

جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 288 روپے 49 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 291 روپے 96 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

 مٹی کا تیل 8 روپے 74پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی  5 روپے 63 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،قیمتوں میں کمی کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

اس سے قبل آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال سے پیٹرولیم مصنوعات پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دے دی۔

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر 60 روپے لیوی عائد کرنے کے بعد مارچ 2022 میں سیلز ٹیکس وصولی روک دی تھی۔ آئی ایم ایف کی تجویز تھی کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باعث جی ایس ٹی وصول کیا جائے۔

تجویز دی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث پیٹرولیم لیوی بڑھانے پر بھی غور کیا جائے۔ آئی ایم ایف نے تمام طرح کے سیگریٹ پر ایک ہی شرح کی ایکسائز ڈیوٹی لگو کرنے کی بھی تجویز دی تھی۔

یاد رہے کہ حکومت نے پچھلی بار 15 اپریل کو جب پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے سے زائد اضافہ کیا تھا، تو اس وقت بھی انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 278 روپے ہی تھی، لیکن خام تیل کی قیمت 90 ڈالر فی بیرل تھی، جو اب کم ہو کر 84 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

گزشتہ برس کے اختتام پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 73 ڈالر فی بیرل تک گرگئی تھی، اس سے قبل اکتوبر میں خام تیل کی قیمت 94 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی۔

رواں ماہ کے آغاز سے خام تیل کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوا اور قیمت 7 ڈالر کے اضافے سے 90 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی تاہم اب 2 ڈالر فی بیرل کم ہوگئی ہے۔

پاکستان میں ڈالر کی قیمت کے مستحکم ہونے اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 6 ڈالر فی بیرل کی کمی کے پیش نظر تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 سے 9 روپے فی لیٹر کی کمی ہوسکتی ہے۔

فروری کے آخر میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 13 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، 31 جنوری کو برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھنے کے باعث پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 55 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل حکومت نے عوامی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کرتے ہوئے 15 جنوری کو پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کی کمی کی تھی، معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق جنوری میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہا، گزشتہ سال ستمبر سے پاکستان میں روپے کی قدر مستحکم اور ڈالر سستا ہو رہا تھا۔

اس دوران انٹربینک میں ڈالر307 روپے سے کم ہو کر 23 اکتوبر کو 275 روپے کا ہو گیا تھا، رواں برس کے آغاز سے ایک مرتبہ پھر ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جو 289 روپے سے کم ہو کر اس وقت 278 روپے 45 پیسے ہوگئی ہے۔

Share With:
Rate This Article