Homeتازہ ترینپاکستان معاشی اور مالی طور پر ترقی کر رہا ہے: وزارت خزانہ

پاکستان معاشی اور مالی طور پر ترقی کر رہا ہے: وزارت خزانہ

economic growth in pakistan

پاکستان معاشی اور مالی طور پر ترقی کر رہا ہے: وزارت خزانہ

اسلام آباد: (رپورٹ، آصف علی) وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے حکومت کی بہترمعاشی پالیسیوں کے باعث ملک کا مالیاتی اور معاشی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

تفصیل کے مطابق وزارت خزانہ نے مارچ کا اکنامک آؤٹ لک جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے بیرونی ذرائع سے فنڈنگ توقع سے زائد رہی جس کے باعث پاکستان کی ادائیگیوں کا توازن بہتر رہا۔ ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہوا جبکہ مہنگائی میں کمی آئی۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ دو ارب ڈالر کم ہو گیا ہے جبکہ زرعی شعبے کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس سال 91 لاکھ 60 ہزار ہیکٹر رقبے پر گندم کاشت کی گئی۔ توقع ہے گندم کی پیداوار 3 کروڑ 21 لاکھ ٹن سے زائد حاصل ہو گی۔ رواں سال زرعی تریکٹرز کی پیداوار میں 68 فیصد جبکہ فروخت میں 67 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سات میں 31 ہزار 915 ٹریکٹرز کی پیداوار حاصل ہوئی جبکہ 30 ہزار 591 ٹریکٹرز فروخت ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق نو ماہ میں زرعی شعبے کو قرضوں کی فراہمی ایک ہزار دو سو اسی ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ رواں مالی سال کے سات ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اعشایہ پانچ فیصد کمی آئی۔ جنوری میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 1.84 فیصد،جولائی سے جنوری کے دوران 22 پیداواری شعبوں میں سے 12 سیکٹرز میں نمایاں گروتھ آئی جبکہ فوڈ، بیوریجز، ملبوسات، لیدر، لکڑی کی مصنوعات، پیٹرولیم پروڈکٹس، کیمیکلز، ادویات، ربڑ، مشینری اور فرنیچر کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ جولائی سے جنوری کے دوران پرائمری سرپلس 1939 ارب روپے پر پہنچ گیا ہے۔ گذشتہ مالی سال میں پرائمری سرپلس 945 ارب روپے تھا۔ سات ماہ میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 2.6 فیصد کے مساوی رہا۔ ایک سال پہلے بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 2.3 فیصد کے برابر تھا۔

سات ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک ارب ڈالر رہا۔ گذشتہ سال جولائی سے جنوری کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 4 ارب روپے پر پہنچ چکا تھا۔ فروری میں کرنٹ اکاؤنٹ 12 کروڑ 80 ڈالر کے ساتھ سرپلس رہا۔ فروری میں برآمدات 16 فیصد بڑھ کر 2 ارب 60 کروڑ ڈالر سے زائد رہیں۔

درآمدی بل 10 فیصد اضافے کے بعد 4 ارب 30 کروڑ سے تجاوز کر گیا۔ سات ماہ میں سیمنٹ کی مقامی فروخت اور برآمدات میں ڈھائی فیصد اضافہ ہوا۔ تین کروڑ پانچ لاکھ ٹن سے زائد سیمنٹ سات ماہ میں فروخت ہوا۔

آئوٹ لک رپورٹ کے مطابق 45 لاکھ ٹن مختلف ممالک کو ایکسپورٹ کیا گیا۔ فروری میں براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 13 کروڑ 12 لاکھ ڈالر رہا۔ اس عرصے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 17 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی انویسٹمنٹ پاکستان سے نکال لی۔ 18 مارچ کو اسٹیٹ بینک نے مہنگائی کے پیش نظر شرح سود کو 22 فیصد پر برقرار رکھا۔ یکم جولائی سے یکم مارچ تک منی سپلائی 3.8 فیصد اضافے کے بعد 1192 ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔

Share With:
Rate This Article