Homeپاکستانعمران خان کی مبینہ آڈیو لیک، حکومت کا فرانزک کرانے کا فیصلہ

عمران خان کی مبینہ آڈیو لیک، حکومت کا فرانزک کرانے کا فیصلہ

عمران خان کی مبینہ آڈیو لیک، حکومت کا فرانزک کرانے کا فیصلہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور اعظم خان کے مابین غیر ملکی سازش سے متعلق آڈیو لیک کے بعد عمران خان کے سازشی بیانیہ کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ چکی ہے۔ عمران خان اگر اس آڈیو لیک معاملے پر سپریم کورٹ جائیں تو خیر مقدم کرینگے۔ حکومت آڈیو لیک کی فرانزک کرانے جا رہی ہے۔ عدالتی صادق و امین عمران خان کے مکروہ چہرے کو قوم دیکھ لے، ذاتی مفادات کے لئے قومی مفادات کو بھی دائو پر لگا دیا، قوم اس فتنے کی شناخت کرے ورنہ یہ ملک او ر قوم کو حادثے سے دو چار کرسکتا ہے ، غیر ملکی سازش بیانیے کا اصل بینفیشل اور مجرم عمران خان ہے ۔وہ بدھ کو یہاں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو لوگ گمراہی کا شکار ہیں ان پر بھی یہ بات کھل رہی ہے کہ عمران خان ملک دشمن ایجنڈے پر کارفرمار ہے ،اسکا ہر عمل قوم اور ملک کے نقصان میں ہے ،عمران خان قوم کو تقسیم کرنے، نوجوانوں کو گمراہ کرنے پر سیاست کر رہا ہے۔ ان کے نت نئے بیانیے کی بنیاد جھوٹ اور فراڈ پر ہے ، عمران خان کی پہلے بھی بہت سی چیزوں کی وضاحت کی ہے کہ قوم اس فتنے کی شناخت کرے ،ورنہ یہ ملک او ر قوم کو حادثے سے دو چار کرسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے یونیورسٹی میں جا کے نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھولا ، عمران خان کہتا ہے کہ میری حکومت کو امریکہ نے سازش کے ذریعے ہٹایا ، موجودہ حکومت جو جمہوری انداز میں بنی ہے اس کو بھی نہیں مانتا ۔ انہوں نے کہا کہ آڈیو لیک کے بعد عمران خان کے سازشی بیانیہ کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ چکی ہے ، عمران خان سے متعلق آڈیو وائرل ہے ہم صرف میڈیا کے ذریعے قوم کو شعور دینے کی کوشش کر رہے ہیں تا کہ فتنہ گر اس قوم کا مزید نقصان نہ کرے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے سیکرٹری آپس میں گفتگو کر رہے ہیں ، جو کہہ رہا ہے کہ اپوزیشن اور امریکہ نے سازش کی ہے ، دراصل یہ سازش کرنے کے لئے یہ گفتگو تھی ۔ انہوں نے کہا کہ کل بھی عمران خان نے کہا کہ اب ہم نے اسلام آباد میں واردات کرنی ہے، 25 مئی کو بھی عمران خان نے واردات کی تھی جو کامیاب نہیں ہوسکی ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عدالتی صادق و امین کا چہرہ عوام دیکھ لے ، اپنے مفادکی خاطر آفیشل میٹنگ کے منٹس کو تبدیل کرایا۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ سے جھوٹا اور فراڈیا شخص قوم کے ساتھ فراڈ کر رہا ہے، پونے چار سال میں عمران خان نے ملک کو معاشی ، اخلاقی اور سیاسی طور پر بہت نقصان پہنچایا ،، سیاسی کلچر کو تبا ہ کیا ،عالمی سطح پر پاکستان کو تنہا کیا ایسی ہی صورتحال میں انڈیا کو یہ موقع ملا اور مقبوضہ کشمیر ہڑپ کر گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اتحادیوں نے جب انھیں چھوڑا تو عمران خان نے امریکی سازش کا بیانیہ قوم کے سامنے رکھا ، آج عمران خان کا جھوٹ بھی پکڑا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آڈیو لیک پر عمرا ن خان سپریم کورٹ جائے ،حکومت فرانزک کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی مفادات کے ساتھ عمران خان کی حقیقت کھل کر سامنے آچکی ہے ، پوری قوم کو عمران خان کے مکرو ہ چہرے کی شناخت کرنی چاہی ، یہ قوم کو گمراہ کرنا چاہتا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ امریکی سازش کا الزام دراصل سیاسی بیانیہ بنایا گیا، اگر کوئی آدمی جھوٹ، مکاری سے قوم کو کسی بات پر الجھانے کی کوشش میں کامیاب ہوتا ہے تو یہ ملک اور قوم کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مکروہ چہرہ سامنے لانا سب سے بڑا عمل ہے ، پوری یکسوئی کے ساتھ یہ عمل کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس اپنے وقت پر ہونا ہے اس کا اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ اس فراڈ کا بینفیشل عمران خان تھا ، اعظم خان تو بیوروکریٹ ہے ،اصل مجرم عمران خان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی فتنے کو اگر سیاسی طور پر ختم کیا جاسکتا ہے ، اگر کسی اور طریقے سے کیا گیا تو اس میں کچھ نہ کچھ رہ جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود کہا کہ میری کردار کشی کی ویڈیو لیک ہوسکتی ہے، عمرا ن خان کا ہر پہلو جھوٹ، فراڈ اور منفی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مجرم یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتا ہے کہ میں ڈاکہ مارنے گیا تو وہاں پر کیمرے لگے ہوئے تھے ۔

Share With:
Rate This Article