Homeتازہ تریناسٹاک مارکیٹ نے تاریخ کی ایک اور نئی بلندی کو چھو لیا

اسٹاک مارکیٹ نے تاریخ کی ایک اور نئی بلندی کو چھو لیا

Pakistan stock exchange

اسٹاک مارکیٹ نے تاریخ کی ایک اور نئی بلندی کو چھو لیا

کراچی: (رپورٹ، آصف علی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک اور تاریخی سیشن،ہنڈرڈ انڈیکس میں 594 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 67 ہزار 142 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی نجکاری میں بڑی پیشرفت کے بعد اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گیا ہے۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل نے کہا پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ اتنی پیشرفت ہے جس پر مارکیٹ میں تیزی آ رہی ہے۔ اگر حکومت خسارے میں چلنے والے دیگر سرکاری اداروں کی فروخت کا عمل تیز کر دے تو مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی آ جائے گی۔

آج حصص بازار میں کاروبار تیزی سے شروع ہوا۔ جیسے ہی مارکیٹ کھلی ہنڈرڈ انڈیکس میں 143 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مارکیٹ میں خریداری کا دباؤ بڑھتے ہی انڈیکس میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا۔

ایک موقع پر انڈیکس میں 694 پوائنٹس کا اضافہ بھی ہوا تاہم اختتام پر انڈیکس میں 594 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ مارکیٹ کا اعتماد بحال ہوتے ہی کاروباری سرگرمیوں میں بھی تیزی آ رہی ہے۔ جمعرات کو 42 کروڑ 11 لاکھ سے زائد حصص کا لین دین ہوا۔

ٹریڈرز نے 16 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی۔ کاروبار میں تیزی کے باعث انویسٹرز نے 84 ارب روپے کا منافع بھی کمایا۔ مجموعی حصص کی مالیت 9,430 ارب روپے پر پہنچ گئی۔ عارف حبیب لمیٹڈ کے ہیڈ آف ریسرچ طاہر عباس نے سنو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا سرکاری اداروں کی نجکاری طویل عرصہ سے تعطل کا شکار تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے آتے ہی نقصان میں چلنے والے سرکاری اداروں سے جان چھڑانے کا بہترین فیصلہ کیا ہے۔ آئی ایم ایف اور دیگر عالمی اداروں کی بھی یہی رائے ہے کہ حکومت غیر ضروری اخراجات کو کم کرے اور خسارے کے شکار اداروں کو فروخت کیا جائے۔

آج مارکیٹ میں 332 کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا۔ 212 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 111 میں کمی جبکہ 29 میں استحکام رہا۔ اسٹاک مارکیٹ میں رفحان میز پروڈکٹس کمپنی کے حصص میں سب سے زیادہ 125 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد کمپنی کے ایک حصص کی قیمت 8,175 روپے پر بند ہوئی۔

دوسرا 58 روپے کا بڑا اضافہ باٹا پاکستان کے حصص کی قیمت میں ہوا جس کے بعد کمپنی کے شیئر کی قیمت 1,739 روپے ہو گئی۔ سب سے بڑی 600 روپے کی کمی یونی لیور پاکستان فوڈز کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے بعد کمپنی کے ایک حصص کی قیمت 21 ہزار روپے پر بند ہوئی۔ نیسلے پاکستان کی قیمت 34 روپے 67 پیسے کم ہو کر 7600 روپے پر پہنچ گئی۔

Share With:
Rate This Article