Homeپاکستانجے یو آئی کے سینیٹر طلحہ محمود پیپلزپارٹی میں شامل

جے یو آئی کے سینیٹر طلحہ محمود پیپلزپارٹی میں شامل

جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما و سینیٹر طلحہ محمود پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے

جے یو آئی کے سینیٹر طلحہ محمود پیپلزپارٹی میں شامل

اسلام آباد: (سنو نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما و سینیٹر طلحہ محمود نے جے یو آئی (ف) کو خیر باد کہہ کر پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

سینیٹر طلحہ محمود نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی، ایک ہفتہ قبل صدر مملکت آصف زرداری سے طویل ملاقات ہوئی، انہوں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دی، پیپلزپارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کرتا ہوں، جے یو آئی (ف) کے علاوہ کبھی کسی پارٹی کا حصہ نہیں رہا۔

طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ ملک کو سنگین مسائل کا سامنا ہے، ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، 9 سال وزارت داخلہ کی سینیٹ کمیٹی کا چیئرمین رہا ہوں، 2021 فنانس منسٹری کی کمیٹی چیئر کی، میں نے 18سال سے حکومت پاکستان کی تنخواہ یا مراعات نہیں لیں، اس وقت پاکستان کو بہت سخت ضرورت ہے کہ نیشنل لیول پر کام کروں، موجودہ حالات میں پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی پارٹی نہیں کہ اس میں شمولیت اختیار کی جائے، پیپلز پارٹی کی تاریخ ہے کہ انہوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا۔

اس موقع پر رہنما پیپلزپارٹی نیئربخاری نے کہا کہ سینیٹر طلحہ محمود کو پیپلزپارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں، انہوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کارروائی میں سینیٹر طلحہ محمود کا بھرپور کردار رہا ہے، 2006 سے سینیٹر طلحہ محمود خیبرپختونخوا سے مسلسل سینیٹر منتخب ہوتے آئے ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ پیپلزپارٹی میں بھی ان کا مثبت کردار ہوگا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پنجاب میں سننے میں آ رہا ہے کہ پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بن چکا ہے، مجھے تو لگتا ہے کے پی میں بھی فارورڈ بلاک بن جائے گا اور ایک پریس کانفرنس ہوگی، تمام سیاسی جماعتوں اور قوم کو اکٹھا ہو کر دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، کے پی میں مزید لوگ ہم سے رابطہ کرنے جا رہے ہیں۔

Share With:
Rate This Article