Homeپاکستانپاکستان آکر اجنبیت کا احساس نہیں ہوا: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی

پاکستان آکر اجنبیت کا احساس نہیں ہوا: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی

ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی / فائل فوٹو

پاکستان آکر اجنبیت کا احساس نہیں ہوا: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی

لاہور: (سنو نیوز) ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایرانیوں کے دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے رہیں گے، پاکستان آکر اجنبیت کا احساس نہیں ہوا، خواہش تھی پاکستان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی لاہور پہنچے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے ایرانی صدر سے پنجاب کابینہ کے اراکین کا تعارف کرایا۔
بعد ازاں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے مزار اقبال پر حاضری دی، ایرانی صدر نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا پاکستان اور ایران کے درمیان گہرا تعلق ہے، پاکستان آکر خوشی ہوئی یہاں اجنبی سا احساس نہیں ہوا، ہم غزہ سےمتعلق اصولی مؤقف پر پاکستان کو سراہتے ہیں، میری خواہش تھی پاکستان میں عوامی جلسہ کرتا مگر کچھ وجوہات کی وجہ سے پاکستان میں عوامی جلسہ نہیں کرسکا، پاکستانی عوام جذباتی اور مذہبی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک ایران دوستی کوہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان گہرا تعلق ہے، میں پاکستان کی عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لیے اہم ہے وہ استعمار کے خلاف کھڑے ہوئے تھے، ان کی الہام بخش شخصیت تھی وہ خدا کے لیے جیتے تھے اور خدا کے لیے عمر گزارتے تھے یہی وجہ ہے کہ ہم ان کے قائل ہیں، ہمارے دل ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہیں گے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے، فلسطینیوں پر ظلم کرنے والوں کو شکست ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں

ایرانی صدر اور آرمی چیف کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

واضح رہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی 22 اپریل (پیر) سے 24 اپریل (بدھ) تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

اپنے تین روزہ دورے کے پہلے روز ایرانی صدر نے صدر مملکت آصف زرداری، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سمیت اہم سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقات کی ہے۔

پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب کے دوران پاکستان اور ایران نے 8 سمجھوتوں پر دستخط کیے، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی حجم قابل قبول نہیں ہے، ہم نے پہلے مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ہمارے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، ایرانی صدرسے سیکیورٹی اور تجارت سمیت دوطرفہ پہلوؤں پرتبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان جو باہمی رشتے ہیں مذہب، تہذیب تجارت کے اس حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی، اس میں شک نہیں کہ 1947 میں ایران ان چند ممالک میں سر فہرست ہے جس نے پاکستان کو تسلیم کیا، ہمارے رشتے صدیوں پر محیط ہیں، یہ ہے وہ تعلق جس کو آج ہم نے ترقی و خوشحالی اور عوام کی بہتری کے لیے استعمال کرنا ہے۔

بعد ازاں ایرانی صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیر اعظم اور حکومت پاکستان کا پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور سب کو سلام کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین ہمارے لیےقابل احترام ہے، فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کاخاتمہ ضروری ہے، غزہ کے عوام کی حمایت پرپاکستان کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، غزہ کےعوام کی نسل کشی ہورہی ہے، سلامتی کونسل غزہ کے معاملے پر ذمہ داریاں ادا نہیں کررہی، غزہ کےعوام کو ایک دن ان کاحق اور انصاف مل جائے گا۔

ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ آج دنیا کے مختلف ممالک میں لوگ تکلیف میں ہیں اور عالمی ادارے بشمول اقوام متحدہ جو انسانی حقوق کی حمایت کا اعلان کرتی ہیں، نے یہ ثابت کردیا کہ وہ نا اہل ہیں، آج پاکستانی اور ایرانی اور باشعور دوسری قومیں اس آپریشن کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتی ہیں۔

ایرانی صدر نے بتایا کہ آج ہمارے برادر ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات صرف دو ہمسایہ ممالک کے ناطے تک محدود نہیں ہیں، ہمارے تعلقات تاریخی ہیں، مجھے لگتا ہے کہ ایران اور پاکستان کی قوموں کے درمیان مشترکہ مذہبی رشتہ ہے اور کو کوئی اسے نہیں توڑ سکتا۔

Share With:
Rate This Article