Homeتازہ تریناسحاق ڈار نے وطن واپسی کی اڑان بھر لی

اسحاق ڈار نے وطن واپسی کی اڑان بھر لی

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار

اسحاق ڈار نے وطن واپسی کی اڑان بھر لی

لندن: (سنو نیوز) سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن میں دو ہفتہ قیام کے بعد پاکستان روانہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے وہاں مسلم لیگ ن کے قائد کیساتھ اہم ملاقاتیں کیں۔ اسحاق ڈار دبئی سے ہوتے ہوئے پاکستان پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت نے لندن میں ہونے والی میٹنگز میں آئندہ دنوں میں پارٹی بیانیہ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے ہیں۔ میاں محمد نواز شریف کو وطن واپسی اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالےسے سے شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے اہم مشاورت فراہم کی۔

لیگی قیادت کی چند اہم میٹنگز میں مریم نواز نے بھی شرکت کی۔ میٹنگز میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پارٹی مستقبل میں معاشی ایجنڈے پر فوکس کرے گی۔میٹنگز میں اس بات پر بھی اتفاق پایا گیا کہ انتقامی سیاست سے گریز کیا جائے گا۔

سنو نیوز ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ سے ٹکراؤ کے پالیسی سے بھی گریز کا فیصلہ ہوا۔ پاکستان کے بڑے مسائل کے حل کیلئے مل کر چلنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ن لیگ کے اجلاسوں میں موجودہ حالات انتقامی سیاست کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے مستقبل میں مفاہمت کیلئے فروغ کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب نواز شریف کا پاکستان روانگی سے قبل عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں قیام چار سے پانچ روز ہوگا۔ عمرے کی ادائیگی کے بعد قائد ن لیگ دبئی پہنچیں گے ۔ دو روزہ قیام کے دوران اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ اس کے بعد نواز شریف اکیس اکتوبر کو دبئی سے پاکستان کیلئے روانہ ہونگے۔

دوسری جانب میاں محمدشہباز شریف کے زیرصدارت لاہور میں مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں لیگی قائد محمد نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں نے انتظامات سے متعلق آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے کمر کس لی ہے۔ معاشی اندھیرے مٹانا، عوام کو ریلیف دلانا، یہی نوازشریف کا ایجنڈا ہے۔

Share With:
Rate This Article