Homeتازہ ترینآئی سی سی کی ون ڈے اور ٹی 20 قوانین میں بڑی تبدیلی

آئی سی سی کی ون ڈے اور ٹی 20 قوانین میں بڑی تبدیلی

آئی سی سی

آئی سی سی کی ون ڈے اور ٹی 20 قوانین میں بڑی تبدیلی

احمد آباد: (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی 20 قوانین میں بڑی تبدیلی کر دی ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں کھیل کی رفتار کو تیز کرنے کیلئےسٹاپ واچ قانون کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٓ
آئی سی سی کے اس قانون کی خلاف ورزی پر فیلڈنگ کرنے والی ٹیم پر پانچ رنز کی پینالٹی عائد کی جائے گی۔

بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونیوالی آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں اس قانون کی منظوری دی گئی جسکو رواں سال دسمبر 2023 سے اپریل 2024 تک ون ڈے اور ٹی 20 میچوں میں آزمایا جائے گا۔

پچھلے اوور کے اختتام کے 60 سیکنڈ کے اندر اگر باؤلنگ ٹیم اگلا اوور پھینکنے کیلئے تیار نہ ہو گی تو ایک اننگز کے دوران ایسا تیسری مرتبہ ہونیکی صورت میں 5 رنز کی پینالٹی عائد کی جائے گی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کیجانب سے جاری بیان کے مطابق گھڑی کا استعمال اوورز کے درمیان صرف کیے جانیوالے وقت کو بہتر بنانے کیلئے کیا جائے گا۔

سلو اوور ریٹ محدود اوورز کی کرکٹ میں ایک بڑا مسئلہ رہا ہے جسکی وجہ سے کھیل کا دورانیہ بڑھ جاتا ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے گذشتہ سال آئی سی سی نے مینز اور ویمنز کرکٹ میں پینالٹیز متعارف کرائی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

آئی سی سی کے موجودہ قانون کے تحت اگر فیلڈنگ ٹیم مقررہ وقت میں آخری اوور شروع کرنے میں ناکام رہتی ہے تو انہیں ایک فیلڈر کو 30 گز کے دائرے کے اندر بلانا پڑتا ہےاسکے علاوہ سلو اوور ریٹ پر ٹیموں پر جرمانہ بھی عائد کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ کرکٹ میں اس قانون کی تجویز 2018 میں میریلیبون کرکٹ کلب کی کمیٹی نے دی تھی اور کھیل کی رفتار میں اضافے کے لیے تینوں فارمیٹس میں اس کو لاگو کرنے کا مشورہ دیا تھا، اس وقت اس کمیٹی میں رکی پونٹنگ، سارو گنگولی اور کمار سنگاکارا جیسے بڑے نام شامل تھے۔

اس نئے قانون کا پہلی مرتبہ استعمال 3 دسمبر سے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان شروع ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز سے ہو گا۔

Share With:
Rate This Article