پہلا ٹیسٹ: بنگلہ دیش نے پاکستان کو 104 رنز سے ہرا دیا
بنگلہ دیش کے میرپور سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 413 رنز سکور کیے۔
پہلی اننگ میں بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شانٹو 101 رنز بنا کر نمایاں رہے، مومن الحق نے 91 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، مشفیق الرحیم 71، لٹن داس 33 اور تسکین احمد 28 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
بنگلہ دیش کے تیج الاسلام 17، شادمان اسلام 13، مہدی حسن میراز 10 ، محمد الحسن جوئے 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عبادت حسین کوئی رن بنائے بغیر ہی چلتے بنے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین آفریدی نے 3 ، سلمان آغا اور محمد نعمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پہلی اننگ میں پاکستان کی ٹیم 386 رنز ہی بنا سکی یوں بنگلہ دیش کو پاکستان پر 27 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: شاہین آفریدی کا بڑا اعزاز، انٹرنیشنل کرکٹ میں 400 وکٹیں مکمل
پاکستان کی جانب آذان اویس نے 103 رنز کی اننگ کھیلی، عبداللہ فضل 60، محمد رضوان 59 ، سلمان آغا 58 اور امام الحق 45 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
قومی ٹیم کے شاہین آفریدی 13، کپتان شان مسعود 9، حسن علی 6، نعمان علی 2 جبکہ سعود شکیل بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے 5 شاہینوں کا شکار کیا جبکہ تیج الاسلام اور تسکین احمد نے 2،2 اور ناہید رانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری اننگ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے اور اننگ ڈیکلیئر کر دی اور پاکستان کو جیت کے لیے 268 رنز کا ہدف دیا تاہم پاکستانی ٹیم 163 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ فضل 66 رنز بنا کر نمایاں رہے، سلمان آغا 26، آذان اویس، سعود شکیل اور محمد رضوان نے 15،15 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ دوسرا کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔
نعمان علی 4، امام الحق اور کپتان شان مسعود 2،2 اور حسن علی ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ شاہین آفریدی کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔
اس کو بھی دیکھیں: مشفق الرحیم نے عمران خان کا ریکارڈ توڑ دیا
بنگلہ دیش کی جانب سے ناہید رانا نے دوسری اننگ میں تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 شاہینوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ تسکین احمد اور تیج الاسلام نے 2،2 اور مہدی حسن میراز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یوں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔