شاہین آفریدی کا بڑا اعزاز، انٹرنیشنل کرکٹ میں 400 وکٹیں مکمل
بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر نے 400 وکٹوں کا سنگِ میل عبور کر کے پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام نمایاں کر دیا۔
شاہین آفریدی نے یہ کارنامہ ڈھاکہ کے شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انجام دیا، انہوں نے بنگلہ دیشی بلے باز مومن الحق کو آؤٹ کر کے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کی 400 ویں وکٹ حاصل کی۔
اس شاندار کامیابی کے بعد شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے صرف پانچویں فاسٹ باؤلر بن گئے ہیں جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں 400 وکٹیں مکمل کی ہیں جبکہ مجموعی طور پر وہ پاکستان کے نویں باؤلر ہیں جو اس اعزاز تک پہنچے ہیں۔

شاہین آفریدی نے یہ سنگِ میل اپنے 211 ویں انٹرنیشنل میچ میں عبور کیا، اس کامیابی کے بعد وہ تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی فہرست میں نویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز وسیم اکرم کے پاس ہے، جنہوں نے 916 وکٹیں حاصل کیں، وقار یونس 789 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ عمران خان 544 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مشفق الرحیم نے عمران خان کا ریکارڈ توڑ دیا
اس فہرست میں شاہد آفریدی 538 وکٹوں کے ساتھ چوتھے، ثقلین مشتاق 496 وکٹوں کیساتھ پانچویں، سعید اجمل 447 وکٹوں کیساتھ چھٹے، شعیب اختر 438 وکٹوں کیساتھ ساتویں اور عمر گل 427 وکٹوں کے ساتھ شاہین آفریدی سے آگے ہیں۔
شاہین آفریدی کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے کیریئر کا اہم موڑ ہے بلکہ پاکستان کرکٹ کے لیے بھی فخر کا لمحہ ہے، کم عمری میں 400 انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ شاہین آفریدی مستقبل میں پاکستان کے مایہ ناز باؤلرز کی فہرست میں مزید اوپر جا سکتے ہیں۔