ملتان سلطانز کے انتظامی معاملات عاقب جاوید کو سونپے جانے کا امکان
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے انتظامی معاملات عاقب جاوید کو سونپے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے انتظامی معاملات عاقب جاوید کو سونپے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کا بتانا ہے کہ ملتان سلطانز کے انتظامی معاملات قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو سونپے جانے کا قوی امکان ہے جبکہ ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ کے لیے مائیک ہیسن مضبوط امیدوار ہیں۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو ملتان سلطانز کا کپتان بنائے جانے کا امکان ہے، سلمان علی آغا کا رواں برس ہونے والے پی ایس ایل سیزن 11 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے کھیلنے کا امکان نہیں ہے۔

اس حوالے سے بورڈ ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کی مینجمنٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کا ٹیم سے علیحدگی کا اعلان

ذرائع کے مطابق علی ترین کا ملتان سلطانز چھوڑنے کے بعد انتظامی معاملات پی سی بی خود دیکھ رہا ہے، ملتان سلطانز کی مینجمنٹ کے لئے بورڈ کے دیگر سابق کرکٹرز کے ساتھ بھی رابطے جاری ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے ٹیم سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک طویل پیغام شیئر کیا تھا۔

علی ترین کا کہنا تھا کہ اگر ٹیم کے ساتھ رہنے کا مطلب اصولوں سے سمجھوتہ کرنا ہی ہے تو میں ایک ہی انتخاب کرسکتا ہوں اور وہ الوداع ہے، میں اس ٹیم کو اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر کھونا پسند کروں گا بجائے اس کے کہ میں گھٹنوں کے بل اسے چلاؤں، ملتان سلطانز کا حصہ ہونا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے۔

اس کو بھی پڑھیں: ملتان سلطانز کو اس بار پی سی بی خود آپریٹ کرے گا، محسن نقوی

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کی نمائندگی پر مجھے ہمیشہ فخر رہے گا اور یہ وہ چیز ہے جس پر میرے مرحوم چچا عالمگیر ترین بھی فخر کرتے تھے، ملتان سلطانز صرف اعدادوشمار سے کہیں زیادہ معنی رکھتی ہے، مالی نقصانات کے باوجود کبھی اس ٹیم کو چھوڑنے کا نہیں سوچا تھا تاہم اب جو بھی اس ٹیم کا کنٹرول سنبھالے گا میری سپورٹ اسے حاصل رہے گی ۔

بعدازاں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کو اس بار پی سی بی خود آپریٹ کرے گا، پی ایس ایل ختم ہونے کے بعد ملتان سلطانز کی نیلامی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کیلئے 12 پارٹیوں کی بڈنگ

خیال رہے کہ رواں برس پی ایس ایل سیزن الیون کیلئے 26 مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے تاہم یہ امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ سیزن الیون کا آغاز 26 مارچ کے بجائے 23 مارچ سے کیا جائے تاہم یہ فیصلہ تمام فرنچائزز کی آمادگی پر منحصر ہے۔