پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے مطابق بڈرز دنیا کے پانچ براعظموں سے تعلق رکھتے ہیں جن میں امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور پاکستان شامل ہیں، جو پاکستان سپر لیگ کی بین الاقوامی مقبولیت اور کشش کا ٹھوس ثبوت ہے۔
پی سی بی کے مطابق بڈنگ کے اس مرحلے کے نتائج کا اعلان 27 دسمبر کو کیا جائے گا، اگلے مرحلے میں ٹیکنیکلی کوالیفائیڈ بڈرز کو اوپن کمپی ٹیشن بڈنگ کے ذریعے ٹیمیں خریدنے کا موقع دیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اگلا مرحلہ 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد ہو گا۔
بورڈ ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی نئی ٹیموں کی خریداری کے لئے اس عمل کو شفاف، مسابقتی اور عالمی معیار کے مطابق مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ پی ایس ایل کی مزید وسعت اور کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان
یاد رہے کہ پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کیلئے چھ شہروں فیصل آباد، راولپنڈی، حیدر آباد، سیالکوٹ، مظفرآباد اور گلگت کو شارٹ لسٹ کیا جا چکا ہے، بولی جیتنے والے گروپ کو اختیار ہو گا کہ وہ ان چھ شہروں میں سے کسی ایک کا نام اپنی ٹیم کے لیے منتخب کریں۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا 11واں ایڈیشن آئندہ برس 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک کھیلا جائے گا، ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بار میچز آزاد جموں و کشمیر کے مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی کھیلے جائیں گے۔