کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آٹے کی نئی قیمتوں کا اطلاق فوری ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آٹے کی ریٹیل قیمت 107 روپے فی کلو کی گئی ہے جبکہ قیمتوں میں اضافے کے بعد مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار 70 روپے میں فروخت ہو گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کمشنر کراچی کی جانب سے گزشتہ برس دسمبر میں فی کلو آٹے کی قیمت 99 روپے مقرر کی گئی تھی، تاہم ضلعی انتظامیہ شہر قائد میں آٹے کی من چاہی قیمتوں پر فروخت کو روکنے میں ناکام رہی۔
یہ بھی پڑھیں: چینی کی نئی قیمتوں کا اعلان
مارکیٹ ذرائع کا بتانا ہے کہ اس وقت کراچی میں ریٹیل دکانوں پر فی کلو آٹے کی قیمت 125 سے 135 روپے تک وصول کی جارہی ہے جبکہ مارکیٹ میں چکی کا آٹا 140 سے 160 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے آٹے کی قیمت میں بڑے اضافے کے بعد کمشنرکراچی نے نان اور چپاتی کی سرکاری قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق رمضان سے قبل 100 گرام کی چپاتی کا ریٹ 14 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ 120 گرام کے تندوری نان کی قیمت 18 روپے، 140 سے 150 گرام نان کے نرخ 21 روپے مقرر کیے گئے ہیں، اسی طرح 180 گرام کے نان کی قیمت 27 روپے مقرر کی گئی ہے۔