آذر بائیجان کی وزارت خارجہ اور وزارت سائنس و تعلیم کے مشترکہ حیدرعلییف پروگرام بین الاقوامی تعلیم گرانٹ کے تحت پاکستانی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے سنہری مواقع فراہم کیے جائیں گے جہاں اسکالرشپ میں شامل طلبہ انجینئرنگ، طب، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سماجی و قدرتی علوم، جنرل میڈیسن اور میڈیکل ریزیڈنسی کے پروگراموں میں داخلہ حاصل کرسکیں گے۔
تقریباً 100 پاکستانی طلبہ اس اسکالرشپ سے مستفید ہو سکیں گے، درخواست دینے کے لیے امیدواروں کو تعلیمی اسناد، میڈیکل سرٹیفکیٹ، سی وی اور موٹیویشن لیٹر جمع کروانا ہوں گے، تاہم تعلیمی دورانیہ بیچلر کے لیے چار سے پانچ سال، ماسٹرز ڈیڑھ سے دو سال، پی ایچ ڈی تین سال، جنرل میڈیسن پانچ سے چھ سال اور میڈیکل ریزیڈنسی دو سے پانچ سال تک ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں اضافہ کا اعلان
عمر کی حد بیچلر اور جنرل میڈیسن کے لیے 35 سال، ماسٹرز اور میڈیکل ریزیڈنسی کے لیے 40 سال اور پی ایچ ڈی کے لیے 45 سال مقرر کی گئی ہے، اسکالرشپ پاکستانی شہریوں کے لیے مخصوص ہے اور کسی بھی قسم کی درخواست فیس نہیں ہے۔
یہ اسکالرشپ پاکستانی طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم، بین الاقوامی تجربہ اور مالی تحفظ کے ساتھ کیرئیر کے مواقع فراہم کرنے میں اہم قدم ہے، دلچسپی رکھنے والے امیدوار 15 اپریل 2026 تک نامزد اداروں کے ذریعے درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔