نادرا کا نئی ملازمتوں کا اعلان
NADRA jobs 2026
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) نادرا نے اپریل 2026 میں مختلف آسامیوں کے لیے نئی ملازمتوں کا اعلان کیا ہے جنہیں مختلف تحصیلوں میں اہل امیدواروں سے پُر کیا جائے گا۔

سرکاری اشتہار کے مطابق تین عہدوں پر بھرتیاں کی جائیں گی جن میں ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر (آفس انچارج)، جونیئر ایگزیکٹو (ڈیٹا انٹری آپریٹر) اور نائب قاصد شامل ہیں۔

وہ تمام امیدوار درخواست دے سکتے ہیں جن کے پاس مڈل سے لے کر ایچ ای سی سے منظور شدہ 16 سالہ تعلیم (بزنس ایڈمنسٹریشن، کمپیوٹر سائنس یا آئی ٹی) کی ڈگری موجود ہو۔

عمر کی حد عہدے کے مطابق مختلف ہے ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی عمر زیادہ سے زیادہ 30 سال، جونیئر ایگزیکٹو کی عمر زیادہ سے زیادہ 25 سال اور نائب قاصد کی عمر زیادہ سے زیادہ 40 سال ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ بھرتی کے عمل میں متعلقہ تجربہ رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔

یہ بھرتیاں مختلف تحصیلوں جیسے لاہور، بابوزئی، مٹہ، پہاڑپور اور بٹ خیلہ میں کی جائیں گی جبکہ تعیناتی نادرا رجسٹریشن سینٹرز (NRCs) جیسے ڈیہری، اسلام پور، متھرا، کِری خیصورے، توتکان اور شوال میں ہوگی۔ نادرا کے مطابق صرف متعلقہ تحصیل کے رہائشی (شناختی کارڈ یا ڈومیسائل کے مطابق) ہی ٹیسٹ اور انٹرویو کے اہل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کیلئے رہائشی پلاٹس کا اعلان

تمام منتخب امیدواروں کو 6 ماہ کی پروبیشن مدت مکمل کرنا ہوگی جس میں کارکردگی کی بنیاد پر توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ درخواست دہندگان کو ٹیسٹ اور انٹرویو کے وقت اصل دستاویزات پیش کرنا ہوں گے جبکہ سرکاری ملازمین کو این او سی بھی فراہم کرنا ہوگا۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ بھرتی کے عمل کے دوران کسی قسم کا ٹی اے/ڈی اے نہیں دیا جائے گا اور الیکٹرانک ڈیوائسز لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 19 اپریل 2026 ہے۔ امیدوار نادرا کی آفیشل کیریئرز ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔

نادرا نے خواتین، اقلیتوں، خواجہ سرا افراد اور خصوصی افراد کو مساوی مواقع کے تحت درخواست دینے کی ترغیب دی ہے۔