پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے بڑی سہولت کا اعلان
پاکستان قونصلیٹ جنرل دبئی کے مطابق پاسپورٹ کے حصول کے خواہشمند شہری کسی بھی ورکنگ ڈے پر دفتری اوقات کے دوران براہ راست قونصل خانے آ کر اپنی درخواست جمع کرا سکیں گے، نئے انتظامات کا مقصد شہریوں کو پاسپورٹ سروسز تک آسان، فوری اور بغیر پیشگی شیڈولنگ رسائی فراہم کرنا ہے۔
قونصلیٹ کی جانب سے جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ پیر سے جمعرات تک درخواست گزار صبح 7 بجے سے دوپہر ایک بجے تک پاسپورٹ کے لیے رجوع کر سکتے ہیں جبکہ جمعہ کے روز یہ سہولت صبح 7 بجے سے 11 بجے تک دستیاب ہو گی۔
حکام کے مطابق اس فیصلے سے دبئی میں رہائش پذیر پاکستانی کمیونٹی کو بڑا ریلیف ملے گا اور اپوائنٹمنٹ کے انتظار کے بغیر پاسپورٹ خدمات حاصل کرنے میں آسانی ہو گی۔
5 سالہ پاکستانی پاسپورٹ کی فیس : 36 صفحات والے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کیلئے نارمل پروسیسنگ فیس 110 درہم جبکہ ارجنٹ فیس 180 درہم مقرر کی گئی ہے جبکہ 72 صفحات کے پاسپورٹ کیلئے نارمل فیس 200 درہم اور ارجنٹ فیس 325 درہم رکھی گئی ہے۔
اسی طرح 100 صفحات پر مشتمل 5 سالہ پاسپورٹ کیلئے نارمل پروسیسنگ فیس 220 درہم جبکہ فوری اجرا کیلئے 435 درہم ادا کرنا ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزا ختم کرنیکا معاہدہ
10 سالہ مدت کے پاکستانی پاسپورٹ کیلئے 36 صفحات کی نارمل فیس 160 درہم جبکہ ارجنٹ فیس 270 درہم مقرر کی گئی ہے، 72 صفحات والے پاسپورٹ کیلئے نارمل سروس کی فیس 300 درہم اور فوری اجرا کی فیس 485 درہم ہو گی۔
100 صفحات پر مشتمل 10 سالہ پاسپورٹ کیلئے نارمل پروسیسنگ فیس 325 درہم مقرر کی گئی ہے جبکہ ارجنٹ اجرا ء کیلئے درخواست گزاروں کو 650 درہم ادا کرنا ہوں گے۔