بچوں کا ب فارم کب اور کیسے بنوانا ہے؟ نادرا نے طریقہ کار بتا دیا
نادرا کے مطابق بچے کی پیدائش کے بعد 30 دن کے اندر یونین کونسل میں اندراج کروانا ضروری ہے جس کے بعد نادرا سے بچے کا پہلا ب فارم حاصل کیا جا سکتا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری پیغام میں بتایا گیا کہ 3 سال سے کم عمر بچوں کے ب فارم کے لیے تصویر کی ضرورت نہیں ہوتی تاہم اگر ب فارم حاصل کرنے کے بعد بچے کا پاسپورٹ بنوانا ہو تو تصویر لازمی ہو گی، البتہ اس عمر کے بچوں کے فنگر پرنٹس نہیں لیے جائیں گے۔
نادرا کے مطابق 3 سے 10 سال تک کے بچوں کے ب فارم کیلئے تصویر لازمی ہے جبکہ 10 سے 18 سال تک کے بچوں کے لیے تصویر کے ساتھ فنگر پرنٹس بھی ضروری ہوں گے۔
ب فارم بنوانے کے لیے والدین کو اپنا شناختی کارڈ نمبر اور یونین کونسل کا جاری کردہ پیدائشی سرٹیفکیٹ یا سی آر ایم ایس نمبر ساتھ لانا ہو گا۔
نادرا نے واضح کیا ہے کہ اگر 3 سال سے کم عمر بچے کا ب فارم پاسپورٹ کے لیے بنوانا ہو تو بچے کو تصویر کے لیے ساتھ لانا ضروری ہے جبکہ 3 سال سے زائد عمر کے بچوں کو بھی ب فارم کے عمل کے لیے نادرا دفتر لانا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: تمام سہولیات ایک پلیٹ فارم پر، نادرا کی جدید ویب سائٹ متعارف
علاوہ ازیں شہری پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے بھی ب فارم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق نارمل ب فارم کی فیس 50 روپے ہے جو 7 دن میں حاصل کیا جا سکتا ہے جبکہ ایگزیکٹو ب فارم کی فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے جس کا اجراء ایک دن میں کیا جاتا ہے۔