ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں اضافہ کا اعلان
Transport fare hike Pakistan
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں 3 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ایندھن مہنگا ہوتا ہے تو اس کے اثرات ہر پاکستانی عوام پر پڑتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کرایوں میں تین فیصد اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، اعوان کے مطابق اس سے قبل بھی ٹرانسپورٹرز نے وفاقی اور پنجاب حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ملک گیر ہڑتال کی تھی، تاہم اس دوران کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ اور وفاقی وزیر برائے مواصلات کے ساتھ ہونے والے معاہدے بھی تاحال پورے نہیں کیے گئے، اسی طرح وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کے ساتھ طے پانے والے معاملات پر بھی عملدرآمد نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

ملک شہزاد اعوان نے خبردار کیا کہ اگر ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے وعدے پورے نہ کیے گئے تو وہ دوبارہ ملک گیر پُرامن ہڑتال کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورت میں ہونے والے نقصانات کی ذمہ داری وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور سندھ حکومت پر عائد ہوگی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ ہڑتال کے دوران ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے تمام وعدے فوری طور پر پورے کیے جائیں۔