رمضان المبارک کی تیاریوں کے ساتھ ہی لاہور کی منڈیوں میں مہنگائی نے سر اٹھا لیا ہے، پھل، سبزیاں اور مرغی کا گوشت مقررہ نرخ سے سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہا ہے جس سے گھریلو بجٹ متاثر ہونے لگا ہے۔
کیلا سرکاری طور پر 200 سے 230 روپے فی درجن مقرر ہے، تاہم بیشتر بازاروں میں یہ 350 روپے تک بیچا جارہا ہے، اسی طرح امرود کی قیمت بعض علاقوں میں ڈھائی سو روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، خریداروں کا کہنا ہے کہ طلب بڑھنے سے پہلے ہی رسد کم کردی گئی ہے جس سے دام اوپر چلے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سی ایم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کی درخواستوں کی آخری تاریخ میں توسیع
مرغی کے گوشت کے حوالے سے بھی صورت حال مختلف نہیں، سرکاری دعووں کے باوجود 550 روپے فی کلو تک وصول کیے جارہے ہیں جبکہ بغیر ہڈی گوشت اس سے بھی زیادہ قیمت پر دستیاب ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ مقررہ نرخ پر سامان ملنا مشکل ہوچکا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل سخت نگرانی کی جائے اور منافع خوری روکنے کے لیے مؤثر کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ روزہ داروں کو ریلیف مل سکے اور بازار میں توازن قائم رہے۔