ایم ڈی کیٹ میرٹ کم کرنے کے فیصلے کی مخالفت
MDCAT Merit
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): پنجاب کے محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے ایم ڈی کیٹ کے کم از کم میرٹ میں 3 فیصد کمی کے فیصلے کی مخالفت کی ہے۔

محکمہ کی جانب سے پی ایم ڈی سی کے صدر کو لکھے گئے خط میں 8 اپریل 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کا حوالہ دیا گیا جس میں کم از کم میرٹ کی شرط میں کمی کا ذکر تھا۔

یہ معاملہ 13 اپریل کو ہونے والے صوبائی داخلہ کمیٹی کے اجلاس میں زیر غور آیا جہاں اراکین نے میرٹ کم کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

خط کے مطابق میرٹ میں کمی کا فیصلہ بظاہر تعلیمی سال 62-2025 کے لیے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں خالی نشستیں پُر کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

کمیٹی نے یہ بھی یاد دہانی کرائی کہ 2025 میں بھی ایم ڈی کیٹ میرٹ میں 5 فیصد کمی کی ایک تجویز مسترد کر دی گئی تھی اور اس حوالے سے تحفظات باقاعدہ طور پر کونسل کو آگاہ کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: شادی کی کم از کم عمر میں اضافہ

کمیٹی نے مشاہدہ کیا کہ اہل امیدواروں کی بڑی تعداد موجود ہونے کے باوجود میرٹ کم کرنے کی کوئی معقول وجہ نہیں بنتی۔ مزید یہ بھی کہا گیا کہ نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی بلند فیسیں داخلوں میں کمی کی ایک بڑی وجہ ہیں۔

صوبائی داخلہ کمیٹی نے طریقہ کار پر بھی اعتراض اٹھایا اور کہا کہ اس معاملے کو مکمل کونسل کے سامنے پیش کرنے سے پہلے اکیڈمک بورڈ میں زیر غور لایا جانا چاہیے تھا جو کہ نہیں کیا گیا۔

ان تمام تحفظات کے پیش نظر کمیٹی نے متفقہ طور پر میرٹ میں کمی کی مخالفت کی اور کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے معیار کو کم کرنا طبی تعلیم کے معیار کو متاثر کرے گا۔