ہنرمند پروگرام کے تحت مفت آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کا آغاز
Hunarmand Program
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): پنجاب میں ہنرمند پروگرام کے تحت مکمل طور پر مفت آئی ٹی ٹریننگ پروگرام شروع کر دیا گیا ہے۔

حکومتِ پنجاب نے وزیراعلیٰ مریم نواز ہنرمند پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لیے یہ بڑا اقدام اٹھایا ہے۔

اس پروگرام پر عملدرآمد ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (TEVTA) کے ذریعے کیا جا رہا ہے جس کے تحت جدید آئی ٹی کورسز کے ساتھ عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفیکیشن بھی فراہم کی جائیں گی۔

اس پروگرام میں ڈیٹا اینالیٹکس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا بیس ایڈمنسٹریشن، گرافک ڈیزائن (UI/UX)، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، جاوا اسکرپٹ ڈیویلپمنٹ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور مشین لرننگ اور سائبر سیکیورٹی جیسے اہم شعبوں میں تربیت دی جائے گی جو مائیکروسافٹ، میٹا، سسکو اور ایڈوب جیسی عالمی کمپنیوں کے تعاون سے تیار کیے گئے ہیں۔

اہلیت کے معیار کورس کے مطابق مختلف ہیں جیسے ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور گرافک ڈیزائن کے لیے DAE، CIT، ICS یا انٹرمیڈیٹ کے ساتھ کمپیوٹر سرٹیفیکیٹ درکار ہے جبکہ AI، مشین لرننگ اور سائبر سیکیورٹی کے لیے کمپیوٹر سائنس یا انجینئرنگ میں BS یا BS آنرز ڈگری ضروری ہے۔ یہ پروگرام آئی ٹی پروفیشنلز اور فائنل ایئر طلبہ کے لیے بھی کھلا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ڈی کیٹ میرٹ کم کرنے کے فیصلے کی مخالفت

خیال رہے کہ تربیت تین ماہ پر مشتمل ہوگی اور شام کے اوقات میں پنجاب کے منتخب سرکاری اداروں میں دی جائے گی تاکہ طلبہ اور ملازمت پیشہ افراد آسانی سے شرکت کر سکیں۔

 اس پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر مفت ہے جس میں ٹریننگ اخراجات، کورس مواد اور بین الاقوامی سرٹیفیکیشن امتحانات کی فیس بھی حکومت ادا کرے گی۔

 درخواست دینے کی آخری تاریخ 24 اپریل 2026 ہے اور امیدوار TEVTA کے آفیشل پورٹل کے ذریعے اپلائی کر سکتے ہیں جبکہ محدود نشستوں کی وجہ سے جلد درخواست دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ پروگرام نوجوانوں کو فری لانسنگ، ریموٹ جابز اور عالمی کیریئر کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور پاکستان کو عالمی آئی ٹی انڈسٹری میں نمایاں مقام دلانے میں مددگار ثابت ہوگا۔