سابق قومی کرکٹر عماد وسیم دوسری بار رشتہ ازدواج میں منسلک
سابق قومی کرکٹر و آل راؤنڈر عماد وسیم دوسری بار رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق قومی کرکٹر و آل راؤنڈر عماد وسیم دوسری بار رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔

عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے عماد وسیم کی سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ کے ہمراہ ایک تقریب کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔

انہوں نے ویڈیو کے کپشن میں لکھا کہ "سب نے اس بات کا ثبوت دیکھا ہے کہ اس گھر سے نکلنے والے نے ایک بار بھی میرے بچوں کے بارے میں سوچا تک نہیں"۔

ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ ’آخر کار دھوکہ باز بے نقاب ہو گیا ہے، مجھے اور بچوں کو اس وجہ سے بہت زیادہ تکالیف کا سامنا کرنا پڑا، ہمیں کٹھن حالات سے گزرنا اور ہم انصاف کے طلب گار ہیں۔

دوسری جانب سابق کرکٹر عماد وسیم نے سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ سے شادی کی تصدیق کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عماد وسیم کا اہلیہ ثانیہ اشفاق سے علیحدگی کا فیصلہ

واضح رہے کہ عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق اگست 2019 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور دونوں کے 3 بچے ہیں، عماد وسیم نے گزشتہ برس اہلیہ ثانیہ اشفاق سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

عماد وسیم کی جانب سے اعلان کے بعد ان کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے سابق قومی کرکٹر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے بطور اہلیہ اور ماں رشتہ نبھانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن معاملات اس وقت بگاڑ کا شکار جب ہماری ازدواجی زندگی میں ایک تیسری شخصیت داخل ہوئی۔