چینی کی نئی قیمتوں کا اعلان
Sugar price Karachi today
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) ماہِ رمضان کی آمد سے قبل عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کمشنر کراچی نے چینی کی نئی ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق چینی کی ریٹیل قیمت 141 روپے فی کلو جبکہ ہول سیل قیمت 138 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔

کمشنر کراچی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے فوری طور پر ہوگا، تمام دکانداروں کو مقررہ نرخوں پر چینی فروخت کرنے کا پابند بنایا گیا، انتظامیہ نے خبردار کیا کہ مقررہ قیمت سے زائد وصولی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوران چینی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے پیش نظر قیمتوں کو کنٹرول کرنا ضروری سمجھا گیا۔

شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی اسی طرح قابو پایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:1500 روپے کے انعامی بانڈ کی قرعہ اندازی کا اعلان کر دیا گیا

خیال رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت میں نمایاں فرق دیکھا جا رہا ہے، بعض علاقوں میں چینی مقررہ نرخ سے زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہی تھی، جس پر عوام کی جانب سے شکایات بھی سامنے آئی تھیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو مستحکم رکھا جا سکے۔