پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔

نیویارک میں پہلی بارپی ایس ایل کاروڈ شو منعقد ہوا جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تقریب میں خصوصی شرکت کی، نیویارک روڈ شومیں قومی مینز کرکٹ ٹیم کے 6 کھلاڑی بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر سربراہ پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کا 11واں ایڈیشن آئندہ برس 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک کھیلا جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمارے قومی کرکٹرز بہت باصلاحیت ہیں، پی ایس ایل میں نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملتا ہے، پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطرخواہ فائدہ ملتا ہے، پی سی بی اورپی ایس ایل انتظامیہ کرکٹ کی بہتری کیلئے کا م کر رہی ہے۔

امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پی ایس ایل عالمی سطح پر برانڈ بن کر ابھر رہا ہے، پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لئے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے ، کھیل سفارتکاری اور ثقافتوں کی پہچان کا بڑا ذریعہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اظہر محمود کا قومی ریڈ بال ٹیم کے ساتھ سفر اختتام پذیر

سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے اس موقع پر کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کی شناخت کا ذریعہ بھی بن چکی ہے۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی میں سب کی محنت شامل ہے، پی ایس ایل میں مقامی ٹیلنٹ کو موقع مل رہا ہے، پی ایس ایل شائقین کرکٹ کو اچھی تفریح فراہم کر رہی ہے۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پی ایس ایل کھیلنے سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلناآسان ہو جاتا ہے، سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی پورے پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔