خطے میں جنگی صورتحال اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر سی ٹی او لاہور نے شہریوں کی آسانی کیلئے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے ٹریفک پولیس کو عید تک رکشہ، موٹر سائیکل اور لوڈر رکشہ کے چالان نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
اس فیصلے کا مقصد مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے باعث شہریوں کو وقتی ریلیف فراہم کرنا ہے تاکہ لوگ عید کے دنوں میں بغیر اضافی مالی دباؤ کے اپنی روزمرہ ضروریات پوری کر سکیں۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو سی ٹی او سمیت فورس گاڑیوں کے بجائے صرف موٹرسائیکل استعمال کرے گی، سڑک پر ٹریفک پولیس کی گاڑی سٹارٹ کر کے کھڑی نہیں کی جائے گی تاکہ غیر ضروری طور پر پٹرول کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ہفتے میں کتنے روز دفاتر کھلیں گے؟ نوٹیفکیشن جاری
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد پٹرول کی بچت کرنا اور سرکاری وسائل کا بہتر استعمال یقینی بنانا ہے، اس فیصلے سے نہ صرف اخراجات کم ہوں گے بلکہ ٹریفک پولیس بھی عوام کے ساتھ مل کر مشکل حالات کا سامنا کرے گی۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے تیسرے مرحلے میں سائیکل پر پٹرولنگ کی جائے گی، شہری بھی غیر ضروری گاڑی اور موٹرسائیکل کے استعمال سے گریز کریں اور ممکن ہو تو متبادل ذرائع استعمال کریں تاکہ پٹرول کی بچت کی جا سکے۔