نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز پر نیپرا میں نظرثانی درخواست دائر
نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز پر وزیر اعظم شہباز شریف کے نوٹس کے بعد نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں نظر ثانی درخواست دائر کر دی گئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز پر وزیر اعظم شہباز شریف کے نوٹس کے بعد نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں نظر ثانی درخواست دائر کر دی گئی۔

وزارت توانائی ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے نیٹ سولر میٹرنگ ریگولیشنز سے متعلق نظر ثانی کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پہلے سے موجود سولر صارفین کے لئے نیٹ بلنگ واپس لی جائے ، موجودہ سولر صارفین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، موجودہ سولر صارفین کے لیے پرانے نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز برقرار رکھے جائیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ موجودہ سولر صارفین کے معاہدوں میں کوئی تبدیلی نہ کی جائے، موجودہ سولر صارفین کے لیے یونٹ کے بدلے یونٹ کا فارمولہ برقرار رکھا جائے ، موجودہ سولر صارفین کے لیے نیٹ بلنگ ریگولیشنز کو واپس لیا جائے۔

پاور ڈویژن کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ صرف نئے سولر صارفین کے لیے نیٹ بلنگ کا نظام لایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سولر صارفین کیلئے نیٹ بلنگ کا نیا نظام متعارف، بل کتنا آئیگا؟

دوسری جانب نیپرا ذرائع کا بتانا ہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کو نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز سے متعلق وفاقی حکومت کی درخواست مل گئی ہے، اتھارٹی سے درخواست منظور ہونے کے بعد سماعت کا فیصلہ ہو سکے گا ، سماعت سے قبل عوامی سماعت کی تاریخ کا اشتہار دینا ہو گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ کے بجائے نیٹ بلنگ کا نیا نظام متعارف کرایا تھا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا تھا۔

نئے ریگولیشنز کے مطابق پرانے سولر صارفین اپنی بجلی نیشنل گرڈ کو 25 روپے 32 پیسے فی یونٹ کے پرانے ریٹس پر ہی فروخت کریں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئے صارفین کے لیے نیشنل گرڈ کو بیچی جانے والی بجلی کے فی یونٹ کی قیمت میں 17 روپے 19 پیسے کی بڑی کمی کر دی گئی، اب نئے صارف کو اس کی فی یونٹ قیمت 3 گنا سے بھی کم یعنی 8 روپے 13 پیسے ملے گی۔

اس کو بھی پڑھیں: وزیراعظم کا نیپرا کے سولر ریگولیشنز کا فوری نوٹس

نئے اور پرانے صارفین کے لیے نیٹ بلنگ کا بھی نیا نظام متعارف کرا دیا گیا ، صارف کا یونٹ اب سرکاری یونٹ کے برابر نہیں ہو گا، اب نیشنل گرڈ سے لی گئی ساری بجلی کی فی یونٹ قیمت حکومتی ٹیرف اور سلیبز کے حساب سے ہو گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیپرا کی جانب سے سولر توانائی سے متعلق نئے ریگولیشنز کے اجراء کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ سولر صارفین کے کنٹریکٹس کے تحفظ کے لیے فوری طور پر نظرِ ثانی کی اپیل دائر کرے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ موجودہ صارفین کے معاہدوں کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جائے تاکہ پالیسی میں کسی بھی تبدیلی سے پہلے سے مستفید ہونے والے صارفین متاثر نہ ہوں۔