لاہور میں بسنت کی نئی تاریخوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری
نوٹیفکیشن کے مطابق مخصوص ممنوعہ علاقوں کے علاوہ ضلع لاہور میں پتنگ بازی کی جا سکے گی، تاہم اس کے لیے مقررہ حفاظتی ضوابط اور اجازت یافتہ سامان کا استعمال لازمی ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں پتنگوں اور ڈور کی تیاری کے لیے 5 ستمبر 2026 سے 14 مارچ 2027 تک کی مدت مقرر کی گئی ہے، جبکہ پتنگ بازی کے سامان کی خریداری، نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے کی اجازت یکم فروری 2027 سے ہوگی۔ سامان کی فروخت 10 فروری سے 14 مارچ 2027 تک کی جا سکے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے پتنگوں اور ڈور کے مینوفیکچررز، تاجروں اور دکانداروں کی ڈیجیٹل رجسٹریشن لازمی قرار دی ہے۔ صرف رجسٹرڈ دکاندار ہی پتنگ بازی کا سامان فروخت کر سکیں گے، جبکہ رجسٹرڈ مینوفیکچررز اور دکانداروں کو اپنے اسٹاک اور فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: اپنی چھت اپنا گھر سکیم میں اپلائی کرنے والوں کیلئے اہم خبر
نوٹیفکیشن کے مطابق پتنگ کی لمبائی 35 انچ اور چوڑائی ساڑھے چار گِٹھی سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے، جبکہ گڈے کی لمبائی 34 انچ اور چوڑائی ڈیڑھ توا مقرر کی گئی ہے۔ خطرناک ڈور، دھاتی تار، نائلون ڈور اور تیز مانجھا بنانے اور استعمال کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ڈور کی تیاری میں صرف نوٹیفکیشن کے تحت اجازت یافتہ مواد استعمال کیا جا سکے گا۔
شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز کی تنصیب سمیت دیگر حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ بسنت کے دوران تمام حفاظتی شرائط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔