اپنی چھت اپنا گھر سکیم میں اپلائی کرنے والوں کیلئے اہم خبر
محکمہ ہاؤسنگ نے پروگرام سے متعلق قیاس آرائیوں کے بعد تازہ اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ قرضوں اور تعمیراتی پیش رفت کا ریکارڈ رئیل ٹائم پورٹل پر اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔
ادارے کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 24 ہزار 320 افراد کے قرض منظور ہو چکے ہیں، جبکہ 2 لاکھ 20 ہزار 994 خاندانوں کو 2 لاکھ 89 ہزار 844 ملین روپے کے قرض جاری کیے جا چکے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ مزید 3 ہزار 326 خاندانوں کے قرض جاری ہونے کے مراحل کے قریب ہیں، جن کیلئے 4 ہزار 615 ملین روپے مختص کیے جا چکے ہیں۔
گھروں کی تعمیر سے متعلق اعدادوشمار کے مطابق پروگرام کے تحت 1 لاکھ 27 ہزار 36 خاندان اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر چکے ہیں، جبکہ 60 ہزار 253 گھر اس وقت زیرِ تعمیر ہیں۔ اس کے علاوہ 1 لاکھ 70 ہزار 523 خاندانوں کو تعمیراتی کام آگے بڑھانے کے لیے دوسری قسط بھی جاری کی جا چکی ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق قرضوں کی اقساط کی واپسی کی مد میں اب تک 22 ہزار 162 ملین روپے وصول ہو چکے ہیں۔
ادارے نے وضاحت کی کہ اعدادوشمار میں فرق ٹائپنگ کی غلطی کے باعث سامنے آیا تھا، جبکہ پروگرام کا ڈیٹا شفافیت یقینی بنانے کے لیے رئیل ٹائم پورٹل پر اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریت سے متعلق اہم فیصلہ
بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق اس منصوبے میں میرٹ اور شفافیت کو ترجیح دی جا رہی ہے، تاکہ مستحق خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر میں مدد فراہم کی جا سکے۔