بی آئی ایس پی کا مستحق خواتین کے لیے بڑا اقدام
بی آئی ایس پی حکام کے مطابق سوشل پروٹیکشن والٹ استعمال کرنے کے لیے رجسٹرڈ مستحق خواتین کو مفت موبائل سم فراہم کی جائے گی، جسے ان کے ڈیجیٹل والٹ سے منسلک کیا جائے گا۔ اس نظام کا مقصد مستحق خواتین کو اپنی مالی امداد پر براہ راست کنٹرول دینا اور رقم کے حصول کے عمل کو آسان بنانا ہے۔
ایڈیشنل سیکریٹری بی آئی ایس پی عصمت نواز کا کہنا ہے کہ اس سہولت سے خواتین کو مالی خودمختاری حاصل ہوگی۔
نئے نظام کے تحت ہر مستحق خاتون کو شناختی کارڈ کے عوض مخصوص موبائل سم جاری کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ادائیگیوں کے عمل میں شفافیت بڑھانا اور رقم کی وصولی کے دوران ممکنہ استحصال کو کم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ ہزاروں روپے سستا ہوگیا
اس سے قبل مستحق خواتین کے لیے لمیٹڈ مینڈیٹ اکاؤنٹ کا نظام رائج تھا، جس میں مقررہ مدت کے اندر رقم نکلوانا ضروری ہوتا تھا، بصورت دیگر رقم واپس ہوجاتی تھی۔ تاہم نئے سوشل پروٹیکشن والٹ میں خواتین کو رقم نکلوانے کے لیے کسی مخصوص مدت کی پابندی نہیں ہوگی اور وہ اپنی ضرورت کے مطابق رقم استعمال کرسکیں گی۔
بی آئی ایس پی حکام کے مطابق اس ڈیجیٹل سہولت کے لیے اسمارٹ فون ہونا ضروری نہیں، بلکہ خواتین عام موبائل فون میں بھی فراہم کردہ سم استعمال کرسکیں گی۔
نئے نظام میں انٹرآپریبلٹی کی سہولت بھی شامل ہے، جس کے تحت خواتین کسی ایک بینک یا ایجنٹ تک محدود رہنے کے بجائے مختلف متعلقہ بینکوں کے ایجنٹس سے رقم حاصل کرسکیں گی۔
شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے رقم اکاؤنٹ میں منتقل ہونے پر مستحق خاتون کو پیغام بھی موصول ہوگا، جس سے وہ اپنے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے والی رقم کی تفصیلات جان سکے گی۔
واضح رہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز 2008 میں ہوا تھا اور وقت کے ساتھ اس کے نظام میں مختلف اصلاحات کی گئی ہیں۔ سوشل پروٹیکشن والٹ کو مستحق خواتین کے لیے ادائیگیوں کے نظام کو مزید آسان، محفوظ اور شفاف بنانے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔