مسٹر پتلو اور جاں بحق نوجوان کے لواحقین میں معاملات طے
ذرائع کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے گلوٹیاں کے رہائشی ریحان کے لواحقین کو مسٹر پتلو کی جانب سے 30 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔ اس رقم میں سے مبینہ طور پر 15 لاکھ روپے بطور ایڈوانس ادا کر دیے گئے ہیں، جبکہ باقی 15 لاکھ روپے مسٹر پتلو کی رہائی کے بعد ادا کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریحان کے لواحقین اور مسٹر پتلو کے درمیان معاملات طے کروانے میں مقامی خاتون رکن قومی اسمبلی نے اہم کردار ادا کیا، جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان مالی معاوضے پر اتفاق ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: مسٹر پتلو کو عدالت نے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا
دوسری جانب واقعے میں جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص عقیل کے لواحقین کے ساتھ تاحال معاملات طے نہیں پا سکے۔ ذرائع کے مطابق اگر عقیل کے لواحقین کے ساتھ 30 لاکھ روپے سے زائد رقم پر اتفاق ہوتا ہے تو ریحان کے لواحقین کو بھی اسی تناسب سے اضافی رقم ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مسٹر پتلو کی شادی کی تقریب میں بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جس کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کی تھی۔
واقعے کے سلسلے میں ٹک ٹاکر مسٹر پتلو اور اس کا بھائی کاشف تاحال جوڈیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں قید ہیں۔