مسٹر پتلو کو عدالت نے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا
تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کو تھانہ موترہ پولیس نے ان کے بھائی سمیت جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔
دوران سماعت پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ شادی کی تقریب میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی تفتیش کیلئے ملزم کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔
پولیس کی جانب سے عدالت سے مسٹر پتلو کا سات روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی گئی، تاہم علاقہ مجسٹریٹ نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو تھانہ موترہ پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق مسٹر پتلو کی شادی کی تقریب میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی، جہاں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ تفتیش کے دوران واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ ہلاکتوں کی وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کیا جاسکے۔
دوسری جانب مسٹر پتلو کیخلاف درج دھمکی کیس میں درخواست ضمانت بھی دائر کردی گئی ہے، اس درخواست پر سماعت کیلئے 16 نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
مسٹر پتلو کی جانب سے وکلاء عثمان مشتاق اور شیخ ثاقب حمید نے درخواست ضمانت دائر کی ہے۔
اب پولیس چار روزہ جسمانی ریمانڈ کے دوران واقعے سے متعلق مزید شواہد اور تفصیلات جمع کرے گی۔