رکشہ میں 28 طلباء کو سوار کرنے والا ڈرائیور گرفتار
تفصیلات کے مطابق علی پور میں ایک رکشہ ڈرائیور نے گنجائش سے کہیں زیادہ بچوں کو اپنے رکشے میں بٹھا رکھا تھا۔ رکشے میں مجموعی طور پر 28 طلبا سوار تھے، جن میں سے بعض بچے رکشے کی چھت پر بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ بچوں کو اس خطرناک انداز میں سفر کرتے دیکھ کر پولیس نے رکشے کو روک لیا اور کارروائی کرتے ہوئے تمام طلبا کو بحفاظت نیچے اتارا۔
سوشل میڈیا پر واقعے کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک چھوٹے سے رکشے میں بڑی تعداد میں بچے سوار ہیں، جبکہ رکشے کی چھت پر بھی طلبا بیٹھے ہوئے ہیں۔ ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو بچوں کو رکشے سے اتارتے اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بچوں کا عالمی دن اور ہمارے معاشرے کی تلخ حقیقتیں: ذمہ دار کون؟
پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور بچوں کی جان خطرے میں ڈالنے پر رکشہ ڈرائیور کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کا چالان کیا اور اسے گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ رکشے میں گنجائش سے زیادہ بچوں کو بٹھانا نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے کم عمر طلبا کی زندگیوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ دوران سفر اچانک بریک لگنے، رکشہ الٹنے یا کسی گاڑی سے ٹکرانے کی صورت میں بچوں کے زخمی ہونے یا جانی نقصان کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد بچوں کی حفاظت اور اسکول آنے جانے کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹ کی فراہمی سے متعلق سوالات بھی اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔