پنجاب : "مریم نواز کا سوہنا پنجاب" پراجیکٹ پر کام شروع
بدلتا نظام، نکھرتا پنجاب، صوبائی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پلان سامنے آگیا جس کے تحت پنجاب کے ہر شہر میں سیوریج مہیا ہوگا،سڑکیں بہترین ہوں گی، تحفظ یقینی ہو گا، صحت سمیت تمام بنیادی سہولتیں لازم ہوں گی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) بدلتا نظام، نکھرتا پنجاب، صوبائی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پلان سامنے آگیا جس کے تحت پنجاب کے ہر شہر میں سیوریج مہیا ہوگا،سڑکیں بہترین ہوں گی، تحفظ یقینی ہو گا، صحت سمیت تمام بنیادی سہولتیں لازم ہوں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے ہر منصوبے کی شفاف اور بروقت تکمیل کے حوالے سے جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بھکر، وہاڑی، وزیرآباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور قصور کے ڈپٹی کمشنرز نے پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کی پیشرفت کے بارے میں وزیراعلیٰ کو براہِ راست رپورٹس پیش کیں۔

دوران اجلاس وزیراعلیٰ مریم نواز کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 51 شہروں میں شہری صحت اور بنیادی سہولتیں یقینی بنانے کے لئے 5 ہزار 887 کلومیٹر طویل سیوریج اور 181 ڈرینج لائنیں تعمیر کی جائیں گی، شہری سہولت اور آسان آمدورفت کو یقینی بنانے کے لئے "مریم نواز کا سوہنا پنجاب" پروگرام کے تحت 100 کلومیٹر طویل سڑکیں اور گلیاں پختہ کی جائیں گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر محلہ اور ہر گلی میں آسان، محفوظ اور باوقار زندگی کے لئے "مریم نواز کا سوہنا پنجاب" پروگرام کے تحت 100 کلومیٹر سڑکیں اور گلیاں بنائی جائیں گی، پروگرام کے تحت 100 کلومیٹرطویل سڑکیں اور گلیاں پختہ کی جائیں گی، پنجاب میں مین ہولز کے 33ہزار سے زائد نئے ڈھکن/کور مہیا کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر استعمال شدہ سرکاری اراضی کی نیلامی کا اعلان

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پنجاب میں سیوریج کے لئے "ہائی ڈینسٹی پولی تھائی لین پائپ" کی تیاری تیزی سے جاری ہے، ملتان میں 232کلو میٹر سیوریج لائن، 81 پمپ، 51 جنریٹر اور 64 کلو میٹر اربن روڈز بنیں گی، بوسن روڈ، خانیوال روڈ، شجاع آباد روڈاور نشتر روڈ کی تعمیر و توسیع اور بیوٹیفکیشن کی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیرہ غازی خان میں سوا 12 ارب روپے سے سیوریج اور ڈرینج سسٹم بنایا جائے گا، ڈی جی خان میں سیوریج اور ڈرینج سسٹم کو دو زونز میں مکمل کیا جائے گا، مانیکا کینال کو ڈسپوزل کی بجائے زرعی نہر میں تبدیل کیا جائے گا، ڈیرہ غازی خان میں 140 کلو میٹر سیوریج لائن کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔

حکام نے بتایا کہ بھکر میں 42انچ قطرکی سیوریج لائن اور 100نئے مین ہولز، سولر ڈسپوزل سٹیشن قائم ہوں گے، بھکر میں عوام کے لئے پارک، واک ویز اور واش رومز بھی بنائے جائیں گے، وہاڑی میں 6 ارب 70 کروڑ روپے کی لاگت سے پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے پراجیکٹ مکمل کیے جائیں گے۔

اس کو بھی پڑھیں: پی آئی اے کا کینیڈا اور برطانیہ کی ریل سروسز کیساتھ تاریخی اشتراک

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کو مزید حسین بنانے کا پراجیکٹ جون 2026تک مکمل کرنے اور ہر شہر میں سیوریج سمیت دیگر بنیادی پراجیکٹس کی جلد تکمیل کا حکم دے دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے صوبائی و ضلعی کنٹرول روم قائم ہو گا،وزیر اعلی مریم نواز شریف نے پراجیکٹس کی تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کی براہ راست نگرانی کا بھی حکم دیا، مریم نواز خود بھی پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کی براہِ راست نگرانی کریں گی۔

دوران اجلاس بتایا گیا کہ گوجرانوالہ کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج ہو گا جس میں ہر گلی، ہر محلے تک ترقی پہنچانے کے لئے 42 ارب 62 کروڑ کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی، گوجرانوالہ شہر میں صحت مند اور محفوظ زندگی کے لئے 131 کلومیٹر سیوریج اور 2 کلومیٹر ڈرینج لائن بچھائی جائے گی،گوجرانوالہ میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور 16 مشینری یونٹ بھی مہیا کیے جائیں گے۔

یہ بھی دیکھیں: کس کس کو کیا تحائف ملے؟ توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ سامنے آ گیا

اسی طرح شیخوپورہ میں 95کلومیٹر طویل سیوریج لائن بنائی جائے گی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وہاڑی اور شیخوپورہ میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کی جلد تکمیل اور شیخوپورہ میں صفائی اور دیگر امور میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور کی ری ویمپنگ پر ڈپٹی کمشنر کو شاباش دی اور قصور میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی جبکہ پتوکی میں سیوریج سسٹم کی جلد از جلد بحالی کے لئے اقدامات کا بھی حکم دیا۔