شاہد آفریدی اور محمد یوسف نے آئی سی سی کو آڑے ہاتھوں لے لیا
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور محمد یوسف نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور محمد یوسف نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ سابق انٹرنیشنل کرکٹر کی حیثیت سے آئی سی سی کی پالیسی میں تسلسل نہ ہونے کہ وجہ سے مجھے سخت مایوسی ہوئی۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی نے گزشتہ برس 2025 میں پاکستان کا دورہ نہ کرنے کے لیے بھارت کے سکیورٹی خدشات کو تسلیم کیا لیکن بنگلا دیش کے معاملے میں اسی چیز کو سمجھنے پر آمادہ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تسلسل اور برابری بین الاقوامی کرکٹ گورننس کی بنیاد ہے، بنگلا دیش کے کھلاڑی اور اس کے لاکھوں مداحوں کے ساتھ ناانصافی کی گئی، آئی سی سی کو پل بنایا چاہیے ناکہ اسے گرانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بنگلہ دیش کی جگہ گروپ سی میں سکاٹ لینڈ شامل

دوسری جانب سابق پاکستانی کپتان محمد یوسف نے بھی اپنے پیغام میں لکھا کہ بنگلادیش کو ورلڈ کپ سے محروم کرنے پر افسوس ہوا، تسلسل اور برابری عالمی کرکٹ گورننس کی بنیاد ہے، آئی سی سی کو کسی ایک ملک کے بورڈ کو سپورٹ کرنے کے بجائے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرح کام کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے بعد اب کرکٹ ویب سائٹ نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شامل کرلیا ہے۔