غیر استعمال شدہ سرکاری اراضی کی نیلامی کا اعلان
Punjab government land auction
Punjab government land auction
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے میں ریونیو بڑھانے اور سرکاری اثاثوں کے مؤثر استعمال کیلئے غیر استعمال شدہ سرکاری اراضی کی نیلامی کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبے بھر میں موجود ایسی سرکاری زمین جو طویل عرصے سے استعمال میں نہیں لائی جا رہی، اسے 10 سے 20 سال کیلئے طویل المدتی لیز پر دیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ لیز صرف پروڈکٹیو اور معاشی سرگرمیوں کیلئے ہوگی تاکہ زمین سے زیادہ سے زیادہ معاشی فائدہ حاصل کیا جا سکے۔

پالیسی کے تحت سیاحت، صنعت، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی، جس سے نہ صرف حکومتی ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان

ذرائع کے مطابق نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے شفاف نیلامی پالیسی اپنائی جائے گی، تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو اور کسی قسم کی بے ضابطگی سے بچا جا سکے۔ اس اقدام سے سرکاری اراضی کے غیر قانونی استعمال کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ نئی پالیسی کے ذریعے سرکاری اثاثوں کا مؤثر، شفاف اور منافع بخش استعمال یقینی بنایا جائے گا، جو صوبے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔