کس کس کو کیا تحائف ملے؟ توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ سامنے آ گیا
کس کس کو کیا تحائف ملے؟ توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ سامنے آ گیا، کابینہ ڈویژن نے اکتوبر تا دسمبر2025 کی سہ ماہی کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) کس کس کو کیا تحائف ملے؟ توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ سامنے آ گیا، کابینہ ڈویژن نے اکتوبر تا دسمبر2025 کی سہ ماہی کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت کئی وزراء اور اہم شخصیات قیمتی تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں، تمام شخصیات نے موصول تحائف توشہ خانہ میں جمع کروا دیئے۔

اکتوبر تا دسمبر 2025 کی سہ ماہی میں صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف ، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرادی، خاتون اول آصفہ بھٹو ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ تحائف وصول کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

اسی طرح وزیر بجلی اویس لغاری، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ ، معاون خصوصی طارق فاطمی، صدر کے ملٹری سیکرٹری، صدر کے ترجمان مرتضی سولنگی کو بھی تحائف ملے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی مولانا فضل الرحیم کی تعزیت کیلئے جامعہ اشرفیہ آمد

رپورٹ کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وزیر مملکت برائے ریلویز و خزانہ، مشرف زیدی، ڈی جی منرلز ڈاکٹر نواز احمد ورک، سیکرٹری اقتصادی امور، سیکرٹری آئی ٹی اور صدر کے اے ڈی سی سمیت دیگر نے بھی تحائف وصول کیے۔

کابینہ ڈویژن کے ڈیٹا کے مطابق اکتوبر تا دسمبر کی سہ ماہی کے تحائف میں روضہ رسولؐ، خانہ کعبہ، مکہ مکرمہ کے ماڈلز، پینٹنگ، پرفیومز، شیلڈز، کارپٹ، ٹی سیٹ، تلوار، خنجر، گلدان، گھڑیاں، ڈیکوریشن پیسز، سعودی کافی، کتابیں، رائل کیپ، یادگار، ٹیبل واچ، میٹرو بس کا ماڈل، قہوہ پاٹ، شرٹس، میوزیکل انسٹرومنٹ، کمبل،سکارف اور ٹائی سمیت دیگر تحائف شامل ہیں۔

کابینہ ڈویژن وصول شدہ تحائف کا تخمینہ لگا رہا ہے اور اس حوالے سے عمل جاری ہے، کابینہ ڈویژن کی فہرست میں تحائف دینے والوں کے نام کا خانہ شامل نہیں ہے، گزشتہ مالی سال کی آخری ششماہی جنوری سے جون 2025 تک کی فہرست میں تحائف دینےوالی غیر ملکی و ملکی شخصیات کا خانہ شامل تھا۔

اس کو بھی پڑھیں: نو مئی واقعات میں سہیل آفریدی کی موجودگی کی تصدیق

رپورٹ کے مطابق صدر آصف علی زرداری کو ایک ووڈن باکس، فلاور پروکلین ، پیالیوں کا جوڑا، دو ٹائیاں، پیالوں کا جوڑا، عود ووڈ بخور، عطر پیک، مگ، گلدان، ڈیکوریشن پلیٹ، دو کپ، ہیلمٹ، فریم، واچ، ہینڈ واچ، پرفیوم پیک، وول سکاف، بک، ایک باکس جس میں جبہ، کشتی، تسبیح وغیرہ شامل ہیں، خاتون اول کو رولیکس واچ، کشمیری شال ،پر فیوم پیک تحفے میں ملا۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کو تین مفلر ، سلور گلدان، ٹی سیٹ ، میٹرو بس کا ماڈل ، دو شیلڈ، چار ڈیکوریشن پیس ، ایک کپ ، ایک کتاب ،ایگ ڈیو ائس، ایک پورٹریٹ اور دو شرٹس تحفے میں ملیں۔

شہباز شریف کو کمبل، مکہ مکرمہ کا ماڈل ، ایک باکس جس میں سلور باؤل، چمچ اور پلیٹ وغیرہ ہیں، ایک باکس جس میں عطر ہے، ایک باکس جس میں پر فیوم وغیرہ ہیں۔(خانہ کعبہ کا ماڈل، ایک کلاک، ایک کرسٹل واز، ایک گھوڑے کا ماڈل ، ایک تلوار، ایک کارپٹ اور ٹیبل واچ ، یہ آٹھوں چیزیں وزیر اعظم ہاؤس میں ڈسپلے کردی گئیں۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کو روسی روایتی فریم ، ماسکو لینڈ مارک، کافی سیٹ کے دو سیٹ، کرغستان کی روایتی کیو مس مکسنگ بمعہ دو باؤل ، مصری مجسمہ بحرینی عطر اور کیرج کلاک تحفے میں ملا جبکہ سپیکر ایاز صادق کوسونیئر سنو لیپرڈ کا تحفہ ملا۔

یہ بھی پڑھیں: سویڈن کا پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان

رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ کو سلوی پیلس کا ماڈل، کنوز، دو ملٹی کلرسکاف اور وائٹ پرل، وزیر توانائی اویس لغاری کو کتاب، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے کو عطر جبکہ چیف آف پروٹوکول کو پرفیوم اور ووڈبخور، سلور شیلڈ اور میٹ تحفے میں ملا۔

اسی طرح وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کو عطر بمعہ بخور ووڈ، سکاف ، وزیر داخلہ محسن نقوی کو عطر بمعہ بخور ووڈ، معاون خصوصی طارق فاطمی کو عطربمعہ بخور ووڈ، بلا ول بھٹو زرداری کو شال، رولیکس واچ ، پرفیوم پیک ، لورو پیانا فیبرک، صدر کے ملٹری سیکرٹری اور صدر کے ترجمان مرتضی سولنگی کو رولیکس واچ تحفے میں ملی۔

رپورٹ کے مطابق آڈیٹر جنرل کو فریم شیلڈ، نیک ٹائی، کرسٹل شیلڈ، کپ، کوائن جبکہ وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کو گلاس اور کپ کا تحفہ ملا۔

خیال رہے کہ شہباز حکومت2002 سے لیکر ستمبر 2025 تک کا توشہ خانہ ریکارڈ مرحلہ وار پبلک کر چکی ہے جبکہ توشہ خانہ کا 1997سے لیکر 2001 تک کا ریکارڈ بھی جاری کیا جا چکا ہے۔